جـــرائـــم و حـــادثــات

   

خاتون کی بلندی سے چھلانگ کے ذریعہ خودکشی
حیدرآباد۔ 14 جون (سیاست نیوز) گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر ایک خاتون بلندی سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ صنعت نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 30 سالہ کے شراونی جو تما پورم ایلور ضلع سے تعلق رکھنے والے شخص راجو کی بیوی تھی۔ اس خاتون نے جنابریہ اپارٹمنٹ ایرہ گڈہ کی 5 ویں منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ شراونی کا ایک دو سالہ لڑکا ہے۔ یہ خاتون چند ماہ قبل نقل مقام کرتے ہوئے حیدرآباد آئی تھی اور اپنے والدین کے ساتھ رہتی تھی۔ زندگی کے گذر بسر کے لئے شراونی گھریلو ملازمہ کا کام کررہی تھی۔ اس خاتون نے آج عمارت کی 5 ویں منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ خاتون کے انتہائی اقدام کا منظر کیمروں میں ریکارڈ کرلیا گیا۔ صنعت نگر پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیاہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع

سعید آباد میں بیوی کے ہاتھوں شوہر کا قتل
حیدرآباد۔ 14 جون (سیاست نیوز) شوہر سے بے زار ایک خاتون نے شوہر کا قتل کردیا۔ سعید آباد پولیس حدود میں یہ واردات پیش آئی جہاں پروین نامی خاتون نے اس کے 45 سالہ شوہر ذیشان علی کا مبینہ طور پر قتل کردیا۔ سعید آباد پولیس کے مطابق ذیشان علی سعید آباد سنگارینی کالونی کا ساکن تھا۔ ذیشان اور اس کی بیوی کے درمیان لڑائی جھگڑے چل رہے تھے۔ ذیشان ایل بی نگر پولیس میں چل رہے ایک معاملہ سے بے زار تھا جو اس کی بیوی نے شکایت درج کروائی تھی۔ ذیشان کو اس کی بیوی کے کردار پر بھی شک و شبہ تھا۔ سعید آباد پولیس نے بتایا کہ پروین نے شوہر کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنالیا اور 11 جون کو سیندھی میں نشیلی دوا ملاکر شوہر کو پلا دیا جیسے ہی ذیشان غشی کے عالم میں چلا گیا پروین نے لوہے کی سلاخ سے اس پر حملہ کردیا اور وہ شدید زخمی ہوگیا۔ ذیشان علاج کے دوران گزشتہ روز فوت ہوگیا۔ سعید آباد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع

قلعہ گولکنڈہ میں سڑک حادثہ، ایک نوجوان ہلاک، دوسرا زخمی
حیدرآباد۔ 14 جون (سیاست نیوز) قلعہ گولکنڈہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان فوت ہوگیا۔ گولکنڈہ پولیس کے مطابق 24 سالہ محمد شعیب جو پیشہ سے ڈرائیور تھا صالح نگر کنچہ علاقہ کے ساکن محمد دستگیر کا بیٹا تھا۔ شعیب کل اپنے ساتھی شاہد کے ساتھ موٹر سائیکل پر گولکنڈہ قلعہ سے فتح دروازہ کی جانب جارہا تھا کہ بڑا بازار علاقہ میں موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی۔ شعیب کی موٹر سائیکل کی رفتار تیز تھی اور وہ ایک پیدل راہ رو کو بچانے کی فکر میں موٹر سائیکل سے قابو کھو دیا اور موٹر سائیکل حادثہ کا شکار ہوگئی۔ اس حادثہ میں شعیب اور شاہد دونوں زخمی ہوگئے جنہیں عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ جہاں شعیب زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ گولکنڈہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔

محبوبہ سے شادی میں رکاوٹ،
دلبرداشہ شخص کی خودکشی
حیدرآباد۔ 14 جون (سیاست نیوز) محبوبہ سے شادی میں رکاوٹ سے دلبرداشتہ عاشق نے خودکشی کرلی۔ کوکٹ پلی پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ کوکٹ پلی پولیس کے مطابق 29 سالہ منی کھنٹہ نے کل رات انتہائی اقدام کرلیا۔ منی کھنٹہ پیشہ سے سافٹ ویر ملازم تھا جو کوکٹ پلی علاقہ میں رہتا تھا۔ یہ نوجوان چاندنی نامی لڑکی سے محبت کرتا تھا۔ لڑکی کے گھروالوں نے شادی سے انکار کردیا تھا اور دوسری طرف لڑکی کے لئے رشتہ تلاش کررہے تھے۔ اس بات سے دلبرداشتہ اس سافٹ ویر ملازم نے خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع
نارائن گوڑہ میں قرض کے بوجھ سے تنگ ایک شخص کی خودکشی
حیدرآباد۔ 14 جون (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ نارائن گوڑہ میں ایک شخص نے قرض کے بوجھ سے تنگ آکر انتہائی اقدام کرلیا۔ نارئن گوڑہ پولیس کے مطابق 50 سالہ ڈی کوٹیشور جو وٹھل واڑی علاقہ کا ساکن تھا اس شخص نے کیڑے مار دوا کا استعمال کرکے خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق کوٹیشور پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا جس نے 10 جون کو کیڑے مار دوا کا استعمال کرلیا۔ قرض کی ادائیگی کے معاملہ میں کوٹیشور پریشان تھا اور ذہنی اذیت کا شکار ہوگیا تھا جو علاج کے دوران آج فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع
بنجارہ ہلز میں گانجہ استعمال کے دوران ایک شخص گرفتار
حیدرآباد۔ 14 جون (سیاست نیوز) گانجہ فروخت کرنے کے علاوہ گانجہ استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی پولیس کارروائیاں جاری ہیں۔ بنجارہ ہلز پولیس نے کل رات روڈ نمبر 12 پر کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا جو گانجہ استعمال کرتے ہوئے پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 25 سالہ ابراہیم جو روڈ نمبر 12 کا ساکن بتایا گیا ہے۔ این بی ٹی نگر کے ایک سنسان مقام پر گانجہ استعمال کررہا تھا۔ ابراہیم پیشہ سے فال سیلنگ کا کام کرتا ہے ۔ ابراہیم گانجہ استعمال کرنے کے دوران پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے اس نوجوان کے قبضہ سے 5 گرام گانجہ کو بھی ضبط کرلیا اور مقدمہ درج کرتے ہوئے ابراہیم کو گرفتار کرلیا۔ ع

گچی باؤلی پبس پر پولیس کا دھاوا، چار افراد کے خلاف کارروائی
حیدرآباد۔ 14 جون (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے کل رات گچی باؤلی حدود کے پبس پر دھاوا کیا۔ منشیات کے استعمال کو روکنے اور منشیات کے خلاف کارروائیوں کے دوران پولیس کی جانب سے وقفہ وقفہ سے پبس کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ اس دوران دو پبس کے خلاف شرائط کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ پولیس نے پب میں موجود افراد کو جانچ کی اور ان کا ڈرگ ٹسٹ کیا۔ اس دوران چار افراد گانجہ کا استعمال کرنے کے مرتکب پائے گئے جن میں ایک پب کا ڈی بی پلیر شیوا بھی شامل ہے۔ رات ہاوز پب اور کلب راؤ پب میں کارروائی انجام دی اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت چاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ع

لیونگ ریلیشن میں نااتفاقیاں،
نوجوان کی خودکشی
حیدرآباد۔ 14 جون (سیاست نیوز) لیونگ ریلیشن میں نہ اتفاقی نوجوان کی خودکشی کا سبب بن گئی۔ اللہ پور پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 29 سالہ گوپی چند نے خودکشی کرلی۔ گوپی چند پیشہ سے خانگی ملازم تھا جو تلسی نگر علاقہ کے ساکن ناگیندر کا بیٹا تھا۔ گوپی چند گزشتہ تین سال سے 23 سالہ لڑکی پروا لیکا سے لیونگ ریلیشن میں تھا۔ گزشتہ چند روز سے ان کے درمیان نہ اتفاقی پیدا ہوگئی تھی اور جھگڑے چل رہے تھے۔ کل ان جھگڑوں سے تنگ آکر گوپی چند نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ ع
پولیس اللہ پور نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع

ع