جـــرائـــم و حـــادثــات

   

گانجہ فروخت کرنے کی کوشش ، ایک شخص گرفتار،7.5 کیلو گانجہ ضبط ، ٹاسک فورس اور کنچن باغ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /2 جولائی ( سیاست نیوز ) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ ویسٹ زون پولیس نے ایک ڈرائیور کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 7.5 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا ۔ ٹاسک فورس ساؤتھ ویسٹ زون اور کنچن باغ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 27 سالہ محمد عامر ساکن ایرہ کنٹہ کو گرفتار کرلیا جو پیشہ سے ڈرائیور بتایا گیا ہے ۔ عامر کے قبضہ سے ضبط شدہ گانجہ کی مالیت ایک لاکھ 86 ہزار روپئے بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ زندگی گذر بسر کیلئے ناکامی آمدنی سے عامر پریشان تھا اور اس نے آسان طریقہ سے پیسہ کمانے کا منصوبہ بنایا اور گانجہ فروخت کرنے کی کوشش شروع کردی ۔ پولیس نے بتایا کہ عامر اکثر منگل ہاٹ علاقہ جایا کرتا تھا اور نامعلوم افراد سے گانجہ خریدا کرتا تھا اور خواہشمندوں میں فروخت کر رہا تھا ۔ اس دوران عامر حافظ بابا نگر علاقہ کے ساکن اسماعیل سے رابطہ میں آیا جو گانجہ سپلائی کرتا تھا ۔ اسماعیل 2 ہزار روپئے فی 100 گرام گانجہ خرید کر 3500 تا 4 ہزار روپئے فی 100 گرام فروخت کر رہا تھا کہ اس دوران ملی خفیہ ا طلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ع

لیبر کیمپ میں پینٹر کا قتل ، نارسنگی پولیس ملزمین کو تلاش کرنے میں مصروف
حیدرآباد /2 جولائی ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ میں واقع ایک لیبر کیمپ میں پینٹر کا قتل کردیا گیا ۔ لیبر کیمپ میں قتل کرنے کے بعد قاتل فرار ہوگئے ۔ جنہیں تلاش کرنے کیلئے نارسنگی پولیس نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ پولیس نارسنگی ذرائع کے مطابق پپال گوڑہ گنڈی پیٹ میں زیر تعمیر اپرنا لیبر کیمپ میں یہ واردات پیش آئی جہاں 43 سالہ روشن ہیلا کا گلاکاٹ کر قتل کردیا گیا ۔ روشن ہیلا ریاست آسام کے آسنسول سے تعلق رکھتا تھا جو یہاں پینٹنگ کا کام کرتا تھا ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد نارسنگی پولیس نے بتایا کہ روشن ہیلا اپرنا لیبر کیمپ میں رہتا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ چند روز سے روشن مرلی دھر کنٹراکٹر کے تحت رنجیت نامی شخص کے ہمراہ کام کر رہا تھا اور دونوں لیبر کیمپ کے ایک کمرے میں ساتھ رہتے تھے ۔ روشن ہیلا کے قتل کے بعد سے رنجیت لاپتہ ہوگیا ہے اور پولیس نے اس کی تلاش شروع کردی ہے ۔ نارسنگی پولیس نے ناجائز تعلقات اور رقمی لین دین کو قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع

جواری بیٹے کے ہاتھوں باپ کا قتل
گچی باؤلی پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد /2 جولائی ( سیاست نیوز ) گچی باؤلی پولیس حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔ جہاں جواری بیٹے نے باپ کا گلا کاٹ کر قتل کردیا ۔ اس واردات میں 37 سالہ ہنمنتو ہلاک ہوگیا ۔ باپ کا قتل کرنے کے بعد بیٹے نے اس کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کی ۔ عین اسی وقت اس سنسنی خیز اقدام کا انکشاف جب آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے نعش کو ونپرتی منتقل کردیاگیا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہنمنتو کے 19 سالہ بیٹے رویندر نے قتل کیا جس پر شبہ ظاہر کیا جارہا تھا ۔ تاہم قتل کی وجوہات کو بیان کرتے ہوئے رویندر نے خود پولیس کو حیرت میں ڈال دیا کہ ایک 19 سالہ لڑکا کس طرح اپنے والد کا قتل کرسکتا ہے۔ چونکہ رویندر شراب اور جواکا عادی تھا اور عیاشی کیلئے رقم کی ضرورت ھی ۔ رویندر کے والد ہنمنتو نے اراضی رہن پر رکھتے ہوئے 6 لاکھ روپئے حاصل کئے تھے اور اس رقم کو رویندر نے استعمال کرلیا جوا اور شراب اور دیگر بری عاتوں میں اس نے رقم خرچ کردی اور جب والد کو جواب دینے کا وقت آیا تو اس کا قتل کردیا ۔ پولیس گچی باؤلی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع

کوکٹ پلی روڈئ شیٹر شاہد قتل کیس کے تین ملزمین گرفتار
حیدرآباد /2 جولائی ( سیاست نیوز ) کوکٹ پلی پولیس نے روڈی شیٹر شاہد قتل کیس میںملوث تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس بالانگر زون مسٹر کے سریش کمار نے بتایا کہ 29 جون کی رات شاہد کا جو روڈئ شیٹر تھا قتل کردیا گیا تھا ۔ پولیس کوکٹ پلی نے اس سلسلہ میں 25 سالہ وائی حنک عرف منا ساکن بابا سائیلانی نگر بورا بنڈہ 24 سالہ محمد ماجد ساکن مولی علی اور 25 سالہ محمد سمیر خان عرف پوتو راجو ساکن بورا بنڈہ کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ 26 سالہ مقتول شاہد کی ان تینوں سے دشمنی تھی اور اس دشمنی کے سبب ان دونوں گروپس کے مشترکہ ساتھی پون کی سالگرہ تقریب کا فائدہ اٹھاکر شاہد کا قتل کردیا گیا ۔ پولیس کوکٹ پلی نے قتل کے فوری خصوصی ٹیم کو تشکیل دیتے ہوئے ان قاتلوں کو گرفتار کرلیا ۔ ع

عیسائی طبقہ کو بدنام اور دلآزاری کرنے والی پنڈت کے خلاف مقدمہ
حیدرآباد /2 جولائی (سیاست نیوز ) عیسائی مذہب کو بدنام کرنے اور عیسائیوں کی دل آزاری کرنے والے پنڈت سوامی کے خلاف بنجارہ ہلز پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اروکیہ سوامی جوزف نامی شہری کی جانب سے کی گئی شکایت پولیس نے رادھا منوہر داس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ جس پر عیسائی مذہب اور عیسائیت کو ماننے والوں کے خلاف زہر افشانی کے الزامات پائے جاتے ہیں۔ شکایت میں رادھا منوہر داس کے خلاف ویڈیو ثبوت اور دیگر شواہد بھی پیش کئے گئے ہیں۔ جس میں اس نے بائبل کے تعلق سے کہا کہ بائبل کو شرابیوں کی جانب سے لکھا گیا ۔ اس کے علاوہ ناقابل بیان انداز میں جزز کرائسٹ اور مدر میری کے خلاف ریمارک کئے عیسائیت میں ننس کو کافی احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے اور خدمات ان کی پہچان ہے۔ رادھا منوہر داس نے ننس کے خلاف رسواء کن بیانات کو جاری کیا ۔ شکایت گذار نے پولیس سے درخواست کی کہ وہ ایسے شخص کے خلاف سخت کارروائی کرے جو سماج میں تفریقہ پیدا کرنے اور نفرت کو پھیلانے کا موجب بن رہا ہے ۔ جو سماج میں امن و بھائی چارگی کے خلاف خطرہ ثابت ہو رہا ہے ۔ بنجارہ ہلز پولیس نے رادھا منوہر داس کے خلاف بھارتیہ نیایا سنہتہ کے سکشن 299 کے تحت کرائم نمبر 479 مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ع