ملاوٹی سیندھی کے استعمال سے فوت ہونے والوں کی تعداد چار ہوگئی
سیندھی کمپاونڈ مہر بند ، کوکٹ پلی پولیس سے مقدمہ درج
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : کوکٹ پلی علاقہ میں ملاوٹی سیندھی کا استعمال کرنے سے فوت افراد کی تعداد چار ہوگئی ہے ۔ تاہم پولیس کوکٹ پلی نے اس واقع کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جب کہ ایکسائز پولیس نے سیندھی کمپاونڈ کو مہر بند کردیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بالا نگر ایکسائز پولیس نے 5 افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ یاد رہے کہ کل رات کوکٹ پلی سیندھی کمپاونڈ میں ملاوٹی سیندھی کا استعمال کرنے کے بعد 19 افراد متاثر ہوگئے تھے جن میں چار افراد کی موت ہوگئی ۔ متاثرین کا تعلق ایچ ایم ٹی ہلز سائی چرن کالونی سے بتایا گیا ہے ۔ ملاوٹی سیندھی کے استعمال سے پیش آئی اموات کے بعد ایکسائز پولیس نے 5 مقامات پر دھاوا کرتے ہوئے پانچ سیندھی کمپاونڈس کو بند کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ ناگیش گوڑ ، بی سرینواس گوڑ ، ٹی سرینواس گوڑ ، ٹی کمار گوڑ اور ٹی رمیش کو حراست میں لے لیا گیا ۔ ایکسائز پولیس کی جانب سے تقریبا 600 لیٹر ملاوٹی سیندھی کو ضبط کرلیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق متاثرین کا شہر کے مختلف ہاسپٹلس بشمول نمس میں علاج جاری ہے ۔ جن میں چند کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ اس خطرناک ملاوٹی سیندھی کے سبب پیش آئی اموات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور سیندھی کی جانچ کی جارہی ہے ۔ ایکسائز پولیس نے سخت اقدامات کرتے ہوئے گرفتار افراد سے متعلق سیندھی کمپاونڈس کو مہر بند کردیا ہے ۔ جب کہ پولیس کوکٹ پلی نے بھی اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔۔ ع
کومپلی ریسارٹ میں منشیات کا ریاکٹ بے نقاب
ریسارٹ مالک اور ساتھی گرفتار ، نارکو ٹیک ٹیم ایگل کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد کے مضافات میں ایک اور منشیات کے ریاکٹ کو بے نقاب کیا گیا ۔ چیف منسٹر کی جانب سے نارکوٹک ٹیم کو ایگل کا نام دینے کے بعد یہ سب سے بڑی کارروائی سمجھی جارہی ہے ۔ ایگل ٹیم نے شہر کے مضافات میں واقع کومپلی کے ایک ریسارٹ پر دھاوا کیا اور ایک بڑے ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا جس میں نائجیریائی باشندوں سے منشیات کی خریداری اور حیدرآباد کے بڑے تاجروں کو سپلائی کا انکشاف ہوا ہے اور منشیات کا یہ بڑا ریاکٹ ملناڈو ریسارٹ کومپلی سے چلایا جارہا تھا ۔ ایگل ٹیم نے ملناڈو ریسارٹ کے مالک سوریہ اور اس کے ساتھی ہرشا کو حراست میں لے لیا ہے جس کے ذریعہ پولیس نے نشہ کے ایک بڑے جال کا پتہ چلایا ہے ۔ پبس میں ہونے والی خصوصی پارٹیوں اور ان پارٹیوں میں منشیات کی سپلائی کا پتہ لگایا گیا ۔ شہر کے علاقوں میں واقع چند پبس کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ جو منشیات کی پارٹیوں کو اجازت دیا کرتے ہیں ۔ ایک ڈاکٹر کی بھی نشاندہی کرلی گئی ہے جو شہر کے معروف ہاسپٹل میں کارڈیالوجی شعبہ کا ایکسپرٹ ہے ۔ ایگل ذرائع کے مطابق ڈاکٹر پرسنا کو 20 مرتبہ منشیات فراہم کی گئیں ۔ اس کے علاوہ 23 بڑے بزنس مین کو بھی ریگولر منشیات فراہم کی جاتی تھیں اور یہ تمام کارروائیاں پالناڈو ریسارٹ سے انجام دی جارہی تھیں ۔ منشیات دہلی سے خواتین کے ذریعہ سپلائی کی جارہی تھیں ۔ اونچی سیڈس میں خواتین منشیات کو چھپا کر حیدرآباد منتقل کررہی تھیں ۔ سوریہ منشیات کو دہلی سے نائجیریائی خواتین نکی اور جیری کے ذریعہ حاصل کررہا تھا اور انتہائی راز دارانہ انداز میں پولیس کی ناک کے نیچے یہ کاروبار جاری تھا ۔ تاہم منشیات کے خلاف چوکس ایگل ٹیم نے اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ امکان ہے ان پبس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی جو پارٹیوں کی اجازت دیا کرتے تھے ۔ ایگل ٹیم تمام ملوث افراد اور اداروں کی فہرست تیار کررہی ہے ۔۔ ع
گھٹکیسر سیکوریٹی گارڈ قتل کیس کے ملزمین گرفتار
حیدرآباد /9 جولائی ( سیاست نیوز ) گھٹکیسر پولیس نے سیکوریٹی گارڈ لنگم قتل کیس کو حل کرلیا ۔ جس میں مقتول کی بیوی شادی شدہ بیٹی اور بیٹی کا عاشق بھی ملوث ہے ۔ پولیس نے تینوں کو گرفتارکرلیا ۔ پولیس گھٹکیسر کے مطابق 45 سالہ وی لنگم کے قتل کیس میں ملوث قاتلوں ،24 سالہ محمد جاوید حسین ساکن ملکاجگیری 25 سالہ وی منیشا اور 40 سالہ وی شاردھا کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ منیشا شادی شدہ تھی ۔ جس کی جاوید کے ساتھ عاشقی چل رہی تھی اور وہ جاوید کے ساتھ ناجائز تعلقات پر لنگم بیٹی کو ہراساں کر رہا تھا اور بیوی کے کردار پر شک کرتے ہوئے اسے اذیت پہونچاتا تھا ۔ تینوں نے لنگم کے قتل کا منصوبہ تیار کیا اور سیندھی میں نشیلی گولیاں ملاکر پلادیا اور جاوید کو طلب کرنے کے بعد واردات انجام دی ۔ جاوید نے مقتول کے منہ پر تکیہ ڈال کر اسکا گلا گھونٹ دیا جبکہ ماں بیٹی نے ہاتھ پیر باندھ کر اس کی مدد کی ۔ جس کے بعد نعش کو ایدولہ آباد علاقہ میں پھینک دیا گیا ۔ پولیس میں مقتول کی بیوی شاردھا نے شکایت کی تھی کہ اس کا شوہر لاپتہ ہوگیا ہے۔ نعش دستیاب ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور افراد خاندان کے بیانات میں تضاد کے بعد ان سے اپنے طور پر پوچھ تاچھ کی اور جرم کو قبول کروالیا اور انہیں گرفتار کرلیا ۔ ع
وٹے پلی میں بیوی کے ہاتھوں شوہر کا قتل
حیدرآباد۔ 9 جولائی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ وٹے پلی میں ایک خاتون نے شوہر کا قتل کردیا۔ حالت نیند میں موجود شرابی شوہر پر وزنی پتھر ڈال کر فریدہ نامی خاتون اپنے ہی شوہر کو ہلاک کردیا۔ یہ واردات علاقہ میں سنسنی کا سبب بن گئی۔ اطلاع کے بعد پولیس مائیلار دیوپلی نے مقام واردات پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی کو انجام دیا اور فریدہ کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق 30 سالہ شیخ محمد کو اس کی بیوی فریدہ نے قتل کردیا۔ انسپکٹر پولیس مائیلار دیوپلی نریندر کے مطابق شیخ محمد شراب کے نشہ کا عادی تھا اور کچھ دن سے کام پر نہیں جارہا تھا۔ نشہ کی حالت میں بیوی کو شدید ہراساں کرتا تھا۔ پولیس سمجھتی ہے کہ فریدہ نے ہراسانی سے تنگ آکر انتہائی اقدام کیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔
شادی میں عاشق کا ٹال مٹول ،معشوقہ کی خودکشی
حیدرآباد۔ 9 جولائی (سیاست نیوز) بیگم پیٹ علاقہ میں ایک لڑکی نے شادی میں عاشق کی ٹال مٹول سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔ بیگم پیٹ پولیس ذرائع کے مطابق 19 سالہ عائشہ فاطمہ جو بیگم پیٹ علاقہ کے ساکن نظیر کی بیٹی تھی، بیگم پیٹ علاقہ میں سوتیلے باپ جیمس اور والدہ ریشماں کے ساتھ رہتی تھی۔ لڑکی کا گزشتہ کچھ عرصہ سے اظہرالدین نامی شخص سے عاشقی چل رہی تھی اور گھر والوں کو پتہ چلنے کے بعد والدہ نے شادی کیلئے رضامندی ظاہر کی تھی لیکن اظہرالدین کی جانب سے ٹال مٹول جاری تھا۔ اس بات سے دلبرداشتہ لڑکی نے خودکشی کرلی۔ سال 2010ء میں لڑکی کے والد نظیر کی موت ہوگئی تھی اور سال 2012ء میں لڑکی کی والدہ ریشماں نے جیمس سے شادی کرلی تھی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع