جـــرائــم و حــادثــات

   

منچو منوج کے گھر پر چوری ، منچو وشنو
کے خلاف پولیس میں شکایت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : تلگو فلم اداکار منچو منوج نے اپنے بھائی منچو وشنو پر نارسنگی پولیس میں شکایت درج کرائی کہ ان کی غیر موجودگی میں منچو وشنو نے ان کے گھر سے مہنگی اشیاء اور کار چوری کرلی جب وہ اپنی بیٹی کی سالگرہ منانے راجستھان گئے ہوئے تھے ۔ منوج نے الزام لگایا کہ وشنو نے اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ ان کی رہائش گاہ میں جبراً داخل ہو کر کار چھین لی ۔ نارسنگی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ منچو وشنو اور منچو منوج کے درمیان مبینہ طور پر جائیداد کے معاملہ کے بعد اختلافات آئے تھے ۔۔ش

پرانی دشمنی ، دوستوں کے ہاتھوں زد و کوبی کا شکار شخص کی موت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : جواہر نگر کے علاقہ میں دوستوں نے پرانی دشمنی کی وجہ سے ایک دوست کو زد و کوب کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا تھا ۔ جسے دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ پولیس نے بتایا کہ گوردھن جو اس کے دوست پرنیت سے اس بات سے ناراض تھا کہ اس نے کالونی میں منشیات بیچنے کی افواہ پھیلائی تھی ۔ جس پر گوردھن اپنے دوست کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا اور 5 اپریل کو وہ اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر اس کو شدید زد و کوب کیا جسے دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ جواہر نگر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ۔۔ ش

امتحان میں فیل ہونے کے خوف سے نویں جماعت کے طالب علم کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : شہر کے مضافاتی علاقہ ایل بی نگر میں نویں جماعت کے طالب علم نے امتحان میں فیل ہونے کے ڈر سے خود کشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق سائی راجو 14 سالہ جو اپنے ماں باپ کے ساتھ سائی پتھا گری کالونی ایل بی نگر میں مقیم تھا جو نویں جماعت کا طالب علم تھا ۔ پڑھائی کرنے کے لیے کمرے میں گیا اور اندر سے دروازہ لگالیا ۔ چند منٹ بعد جب اس کی ماں نے آواز دی تو اس نے جواب نہیں دیا ۔ جس کے بعد اس نے پڑوسیوں کی مدد سے دروازہ توڑ کر کمرے میں داخل ہوئی تو وہ فیان سے پھانسی پر لٹکا ہوا تھا ۔ ماں نے بتایا کہ وہ امتحان بہتر نہیں لکھا تھا جس کے بعد سے وہ مسلسل پریشان تھا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔۔ ش

فون ٹیاپنگ معاملہ، مفرور اصل ملزم پربھاکر راؤ کا دائرہ تنگ
امریکہ میں مقیم سابق اسپیشل انٹلی جنس بیورو چیف کا پاسپورٹ منسوخ
حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) ریاست کے سنسنی خیز فون ٹیاپنگ معاملہ میں مفرور اصل سرغنہ ملزم سابق اسپیشل انٹلیجنس بیورو چیف پربھاکر راؤ کے خلاف دائرہ تنگ کردیا گیا ہے۔ امریکہ میں مقیم مفرور ملزم کے پاسپورٹ کو منسوخ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں پاسپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا نے حیدرآباد پولیس کو اطلاع فراہم کی ہے۔ ریڈ کارنر نوٹس کی اجرائی کے بعد اس طرح کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اس کیس میں ملزم نمبر 2 شراون راؤ کی امریکہ سے واپسی کے بعد پولیس نے پربھاکر راؤ کو ملک واپس لانے کی کوششوں میں مزید شدت پیدا کردی تھی تاہم یہ قانونی کارروائی حیدرآباد پولیس کیلئے بھی کافی مددگار ثابت ہوگی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اس کیس کے اصل سرغنہ پربھاکر راؤ نے اس طرف پولیس کی کارروائیوں کے خلاف امریکہ میں گرین کارڈ کے حصول کے اقدامات کا آغاز کردیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ پربھاکر راؤ نے گرین کارڈ کیلئے درخواست بھی داخل کردی تھی۔ اس بات کی اطلاع کے بعد حیدرآباد پولیس نے پربھاکر راؤ کو حیدرآباد واپس لانے کیلئے امریکی کونسلیٹ اور مرکز کی مدد لینے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ع

ٹول گیٹ کی فیس وصولی پر زد و کوبی کے بعد دو افراد فرار
شمس آباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : شمس آباد کے موضع تونڈپلی میں ٹول گیٹ ایگزٹ نمبر 16 میں منگل کی شام ایک کار ڈرائیور اور اس کا ساتھی ٹول گیٹ فیس مانگنے پر ٹول گیٹ کے دو افراد کو زد و کوب کر کے فرار ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق کار نمبر TS08 EN 0027 جو ٹول گیٹ اگزٹ نمبر 16 پر آئی اور جب ان سے فیس پوچھی تو پہلے انہوں نے پریس کہتے ہوئے جانے کی کوشش کی اور جب ان کا آئی کارڈ طلب کیا گیا تو کار سے دو افراد اترے اور ڈیوٹی پر موجود سنجے دتھ اور مہیندر سے بدکلامی کی اور انہیں مار کر فرار ہوگئے ۔ کلیانم مہیندر ریڈی ٹول گیٹ مینجر کی شکایت پر شمس آباد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ کار میں سوار دو افراد کی ہاتھا پائی کی وجہ سے ٹول گیٹ پر کچھ دیر کے لیے افراتفری پھیل گئی تھی ۔ پولیس نے تیقن دیا کہ وہ انہیں بہت جلد گرفتار کرلیں گے ۔۔

کتہ کوڈیم ضلع میں کالا جادو کے شبہ پر ایک شخص کا قتل
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : کتہ کوڈیم ضلع کے دموگڈیم منڈل کے ویرا بھدرا پورم میں ایک شخص کو کالا جادو کرنے کے شبہ میں ہلاک کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق کمرم راموڈو 3 مارچ سے لاپتہ تھا ۔ 16 مارچ کو اس کی بیوی لکشمی دیوی نے دموگڈیم پولیس اسٹیشن میں شوہر کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی ۔ پولیس نے شکایت درج کر کے اس کی تلاش شروع کی ۔ پولیس کو تحقیقات کے دوران دو افراد کمرم وینکٹیشورا راؤ اور پدم بالراج پر شک ہوا تب تک یہ دونوں فرار ہوچکے تھے ۔ جس کے بعد ان کی تلاش کو تیز کردیا گیا تھا لیکن یہ دونوں گاؤں کے بزرگ اور سرکاری ملازم کی مدد سے خود کو پولیس کے حوالہ کردیا اور اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو ایک تالاب میں پھینک دیا ۔ انہوں نے راموڈو پر الزام لگایا کہ وہ کالا جادو کرتا تھا جس کی وجہ سے اس کے افراد خاندان کو پریشانی ہورہی تھی ۔ راموڈو کی نعش کو برآمد کرتے ہوئے دونوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔۔ ش

کتوں کو ویاکسن دینے کے نام پر وٹرنری ڈاکٹر کو لاکھوں کا دھوکہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : شہر کے ایک ویٹرنری ڈاکٹر کو سائبر دھوکہ باز نے مبینہ طور پر کتوں کو ویکسن دینے کی آڑ میں 1.7 لاکھ روپئے کا دھوکہ دیا ۔ تفصیلات کے مطابق خانگی کلینک میں کام کرنے والے ایک ویٹرنری ڈاکٹر کو ایک نامعلوم شخص کا فون آیا جس میں اس نے دعویٰ کیا کہ وہ ہندوستانی فوجی ہے اور آرمی کیمپس میں 90 کتوں کو ٹیکے لگانے کی ضرورت بتائی جس کے بعد ٹیکے کے لیے رقم کی ادائیگی فون پر وصول ہونے والے OTP اور بینک کی تفصیلات حاصل کی ۔ جس پر شکایت کنندہ نے اپنی تمام تفصیلات اسے فراہم کردی ۔ جس کے بعد اس کے بینک سے 1.7 لاکھ روپئے رقم نکال لی گئی ۔ جس کے بعد شکایت کنندہ نے اس سے ربط کرنے کی کوشش کی لیکن اس کا فون بند آرہا تھا تب اسے علم ہوا کہ اس کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے ۔ جس کے بعد ڈاکٹر نے حیدرآباد سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کرائی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے فون کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔۔ ش