’’جل جیون مشن‘‘ سے 1 سال میں جڑگئے 5 کروڑ خاندان

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی:وزیراعظم نریندر مودی کے 2024ء تک ملک کے لگ بھگ تمام 19کروڑ گھروں تک ’’نل سے جل‘‘ دینے کے ہدف کوحاصل کرنے کے لئے حکومت ’مشن موڈ‘ پر کام کررہی ہے اور اب تک چار کروڑ 94لاکھ 63 ہزار سے زیادہ گھروں کو منصوبے سے جوڑا جاچکا ہے ۔ مودی نے پچھلے سال 15 اگست کو لال قلعہ سے ملک کے ہر گھر کو نل سے پینے کا پانی مہیا کرانے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں 18کروڑ 93 لاکھ 30ہزار 879گھروں میں سے اب تک چار کروڑ 94 لاکھ 63 ہزار 297گھروں کو اس منصوبے سے جوڑا گیا ہے۔ ان میں 66 لاکھ 21 ہزار 821 گھروں تک نل سے پانی پہنچانے کے سلسلے میں گجرات پہلے جبکہ 53 لاکھ 88 ہزار 428گھروں تک یہ سہولت دینے کے معاملے میں مہاراشٹرا دوسرے مقام پر ہے ۔سبھی ریاستوں میں گھروں کی تعداد الگ الگ ہے اور تناسب کے اعتبار سے پنجاب ،ہریانہ اور ہماچل پردیش سب سے آگے ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس کام کیلئے رقم کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی اور کوویڈ ۔19کی وجہ سے بے روزگار باصلاحیت اور غیرہنرمند مزدوروں کو اس منصوبے کے تحت دیہی علاقوں میں روزگار مہیا کرایا جائے گا۔منصوبے سے جہاں دیہی علاقوں میں لوگوں کو روزگار ملے گا اور ان کے مسئلے حل ہوں گے، وہیں پینے کا پانی بھی گاؤں کے لوگوں کو مل سکے گا۔ منصوبے سے وابستہ ایک سینئر افسر کا کہنا ہے کہ مودی کے اعلان کے بعد سے اس سمت میں تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ ’جل جیون مشن‘ کے اعلان کے بعد 25 دسمبر تک اس سلسلے میں ہدایات جاری کی گئیں۔ منصوبے سے یقینی استفادے کیلئے اسے سنٹرلائزڈ کرکے گرام سطح پر آبی کمیٹیوں کی تشکیل کی گئی جس میں 50فیصد خواتین اراکین کو جگہ دی گئی۔