نئی دہلی 14 اگست (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جل جیون مشن کے چھ سال مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے لاکھوں گھروں میں تبدیلی آئی ہے ۔ وزیر اعظم نے جمعرات کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ اس اقدام نے انفرادی گھریلو نل کنکشن کے ذریعے پینے کے محفوظ اور مناسب پانی تک رسائی کو یقینی بنایا ہے ، جس سے لاکھوں گھروں میں تبدیلی آئی ہے ۔ سال 2019 میں شروع کیا گیا جل جیون مشن صرف چند سالوں میں 15 کروڑ سے زیادہ گھرانوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے ، صحت کو بہتر بنانے ، برادریوں کو بااختیار بنانے اور ان گنت خوابوں کو پورا کرنے کے ذریعے حکومت کے عزم کی بنیاد بن گیا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس اسکیم سے نہ صرف دیہی ہندوستان میں معیار زندگی میں بہتری آئی ہے ، بلکہ صحت کی دیکھ بھال کے نتائج میں بھی قابل ذکر تبدیلی آئی ہے ، خاص طور پر ملک کی خواتین، ناری شکتی نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے ۔
مسٹر مودی نے لکھاکہ”ہم جل جیون مشن کے 6 سال کا جشن منا رہے ہیں، ایک اسکیم جو وقار اور زندگی کو بدلنے پر مرکوز ہے ۔ اس نے صحت کی بہتر دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایا ہے ، خاص طور پر ہماری ناری شکتی کے لیے ۔”