جل جیون مشن پر تیزی سے عمل آوری کی ضرورت : مرکز

,

   

مرکزی وزیر برائے جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت کا جنوبی ہند کی ریاستوں کی پیشرفت پر اجلاس
حیدرآباد 11 نومبر ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر برائے جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت نے آج ’ جل جیون مشن ‘ اسکیم پر عمل آوری میں تیزی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ اس اسکیم کے تحت گھروں کو محفوظ پانی کی سربراہی کا منصوبہ ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس اسکیم کے ابتدائی چھ ماہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں تاکہ اسے کامیاب بنایا جاسکے ۔ انہوں نےآندھرا پردیش ‘ تلنگانہ ‘ کرناٹک ‘ کیرالا اور ٹاملناڈو علاقوں کے علاوہ مرکزی زیر انتظام علاقوں پڈوچیری اور لکشدویپ میں جل جیون مشن کے علاقائی جائزہ کے دوران یہ بات کہی ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ جنوبی ریاستوں میں پانی سے متعلق اسکیمات کی تیاری اور ان کی پیشرفوت کا جائزہ لیا گیا اور تبادلہ خیال کیا گیا کہ کس طرح سے انہیں آگے بڑھایا جاسکے ۔ مرکزی وزیر نے موجودہ اسکیمات کا از سر نو جائزہ لینے اور گھروں میں نل کنکشن دینے کے علاوہ معاشی مینجمنٹ کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ مسٹر شیخاوت نے ریاستوں کو اس اسکیم کیلئے مرکز سے بآسانی فنڈز فراہم کرنے کا بھی تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے ریاستوں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ سوچھ بھارت مشن سے ہونے والے فائدوں کو بھی ذہن نشین رکھیں۔ ریاستوں کو آئندہ مرحلہ میں اس تعلق سے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کروایا گیا تاکہ صفائی مہم میں تیزی اور رفتار کو برقرار رکھا جاسکے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر جل جیون مشن کا اعلان کیا تھا اور اس کا مقصد دیہی علاقوں کے تمام گھروں تک 2024 تک نل کنکشن فراہم کرنا ہے ۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں اس مقصد کی تکمیل کیلئے اشتراک میں کام کر رہی ہیں۔