کشتی رانی اور فوڈ کورٹس کی تجویز، راک گارڈن ، سائیکلنگ ٹریک اور جمنازیم کا منصوبہ
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاست میں ذخائر آب اور جھیلوں کے تحفظ کے سلسلہ میں حکومت نے سرگرمی سے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ شہر کے مضافاتی علاقہ میں واقع تاریخی جل پلی جھیل کے تحفظ پر جل پلی میونسپلٹی کے عہدیداروں نے دیگر سرکاری اداروں کے اشتراک سے تحفظ کے اقدامات کئے ہیں تاکہ اس خوبصورت جھیل کا نہ صرف تحفظ کیا جائے بلکہ اسے سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دی جائے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق جل پلی جھیل 274 ایکر پر محیط ہے۔ جھیل کو خوبصورت بنانے کے کاموں کے علاوہ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے 9.5 کروڑ کے صرفہ سے راک گارڈن تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ واک ویز، سائیکلنگ ٹریک اور اوپن جمنازیم جیسی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ کمشنر جل پلی میونسپلٹی جی پی کمار نے کہا کہ جھیل کو خوبصورت بنانے کیلئے شہر کی دیگر جھیلوں کی طرح منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ مختلف سرکاری محکمہ جات اور ادارے تال میل کے ذریعہ اسے منی ٹینک بنڈ کی طرح ترقی دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ جل پلی جھیل راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ سے قریب ہے اور خوبصورتی کے بعد یہ اہم تفریحی مرکز میں تبدیل ہوسکتی ہے۔ عوام کیلئے بنیادی سہولتوں کی کمی کے باعث لوگ اس جھیل کا رُخ نہیں کرتے اور یہ غیر قانونی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے۔ جل پلی میونسپلٹی نے راچہ کنڈہ پولیس کی مدد سے 24 گھنٹے پٹرولنگ کا انتظام کرایا تاکہ غیر سماجی سرگرمیوں کو روکا جاسکے۔ جھیل پر ریلنگ تعمیر کی گئی ہے اور نشستوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی مہیشورم اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتی ہیں جس کے تحت یہ جھیل آتی ہے ۔ ان کی خصوصی دلچسپی کے نتیجہ میں خوبصورت بنانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ کاموں کی تکمیل کے بعد یہ اطراف کی آبادیوں کیلئے تفریح کا بہترین اور پسندیدہ مرکز بن جائے گا۔ جل پلی جھیل میں نادر پرندوں کی اکثریت ہے اور یہ مقام عمدہ ساگر سے قریب ہے جو کہ مچھلی کے شکار کیلئے مشہور مقام ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جل پلی جھیل میں کشتی رانی کے علاوہ فوڈ کورٹس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ آصف جاہی دور حکومت میں جل پلی جھیل کا پانی چارمینار کے اطراف موجود محلات کو سربراہ کیا جاتا تھا۔ یہ پانی خصوصی واٹر چیانل کے ذریعہ چو محلہ پیالیس، چارمینار، مال والا پیالیس، دیوڑھی خورشید جاہ اور دیگر عمارتوں کو سربراہ کیا جاتا تھا۔R
