قاتلوں کی تلاش کا آغاز ، پہاڑی شریف جرائم و غیر سماجی عناصر کی آمجگاہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : پہاڑی شریف کا علاقہ غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں اور جرائم کی انجام دہی کی آمجگاہ بنتا جارہا ہے ۔ آئے دن اس علاقہ میں نعشوں کا برآمد ہونا ایک عام بات بن گئی ہے ۔ کسی دوسرے مقام پر قتل کرنا اور نعش کو اس علاقہ میں ٹھکانے لگانا مجرموں کے لیے آسان بات بن گئی ہے ۔ اس طرح کے ایک اور واقعہ میں پولیس پہاڑی شریف نے جل پلی علاقہ سے نعش کو برآمد کرلیا ۔ پولیس نے مقامی عوام کی اطلاع پر جل پلی پہونچ کر ایک واٹر ٹینک سے مسخ شدہ نعش کو برآمد کیا ۔ مقامی عوام نے علاقہ میں پہلے تعفن کو محسوس کرتے ہوئے پہاڑی شریف پولیس کو اس کی اطلاع دی جس کے ساتھ ہی ڈی سی پی ایل بی نگر زون مسٹر سنپریت سنگھ اے سی پی ونستھلی پورم مسٹر گاندھی نارائنا مقام واردات پہونچ گئے اور معائنہ کیا ۔ جل پلی کے صنعتی علاقہ میں ایک حصار بندی والے مقام پر جس میں واٹر ٹینک بھی موجود ہے ۔ اس واٹر ٹینک سے نامعلوم شخص کی نعش کو پولیس نے برآمد کرلیا ۔ یہ حصار بندی والا علاقہ سنسان ہے ۔ جہاں شہریوں کی نقل و حرکت نہیں رہتی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر زون مسٹر سنپریت سنگھ نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے قتل کرنے کے بعد نعش کو اس واٹر ٹینک میں ڈال دیا تاکہ نعش کسی کو دستیاب نہ ہو ۔ اور قاتلوں نے واٹر ٹینک میں کچرا بھی ڈال دیا تاکہ کسی کو اس کا پتہ نہ چلے ۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں نعش کی شناخت کی جائے گی اور وجوہات کا پتہ چلاتے ہوئے قاتلوں کو بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔۔
