جماعتی سیاست سے قطع نظرآئین کے تحفظ کیلئے ووٹ دیں

,

   

اگر موقع ملا تو میں آئین کا تحفظ کروں گا، میں دستور کا دفاع کرسکتا ہوں:جسٹس سدرشن ریڈی

نئی دہلی۔ 21 ۔اگست (یو این آئی) اپوزیشن کے نائب صدر جمہوریہ کے امیدوار جسٹس سدرشن ریڈی نے تمام جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ جماعتی سیاست سے بالاترہو کر 9 ستمبر کو مقررہ انتخابات میں انہیں ووٹ دیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا واحد ایجنڈہ آئینی قدروں کو فروغ دینا اور ان کا تحفظ کرنا ہوگا۔سابق جج سپریم کورٹ جسٹس ریڈی نے ایک پورٹل کوانٹرویو میں کہا کہ نائب صدر کا انتخاب ارکان پارلیمنٹ کرتے ہیں، جماعتیں نہیں۔اس انتخاب میں وہپ نہیں ہوتا۔ مجھے ارکان پارلیمنٹ کی بصیرت پر بھروسہ ہے ، وہ امیدواروں کی خوبیوں کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے ،ان کا مقابلہ مہاراشٹرا کے گورنر اور تمل ناڈو بی جے پی کے رہنما سی پی رادھا کرشنن سے ہے ، جو این ڈی اے کے امیدوار ہیں۔ اس طرح یہ انتخاب جنوبی ہند کے دو رہنماؤں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوگا۔ اپوزیشن کی جانب سے تلگو خاندان میں پیدا ہوئے جسٹس ریڈی کو امیدوار بنانے کو این ڈی اے اور آندھرا، تلنگانہ کی تذبذب میں مبتلا جماعتوں (ٹی ڈی پی، وائی ایس آر کانگریس اور بی آر ایس) کے لیے بڑا چیلنج سمجھا جا رہا ہے ۔ ان دونوں ریاستوں کے پاس لوک سبھا کی 42 اور راجیہ سبھا کی 18 نشستیں ہیں۔جسٹس ریڈی نے کہا کہ یہ انتخابات نہایت شائستہ اور باوقار ہوں گے اور انہوں نے این ڈی اے سے اپیل کی کہ وہ انہیں حمایت دے ۔میں وزیراعظم نریندر مودی سے موقع ملے تو ملاقات بھی کروں گا اوران کی طرح میری بھی اپیل ہے کہ تمام پارٹیاںسیاسی وابستگی سے قطع نظر اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ 79سالہ جسٹس ریڈی، جو 2011 میں سپریم کورٹ سے ریٹائر ہوئے ، نے کہا کہ ان کا مقصد صرف اور صرف آئین کی حفاظت اور پاسداری ہے ۔ایک وکیل اور جج کے طور پر میں نے ہمیشہ آئین کی پاسداری کی۔ اگر موقع ملا تو میں آئین کا تحفظ کروں گا، میں آئین کا دفاع کر سکتا ہوں۔یہ بیان بی جے پی پر اپوزیشن کی جانب سے لگائے جانے والے ان الزامات کے تناظر میں سمجھا جا رہا ہے کہ وہ آئینی اقدار کو نقصان پہنچا رہی ہے ۔اپنے حریف سی پی رادھا کرشنن کے بارے میں جسٹس ریڈی نے کہا کہ وہ قابل احترام شخصیت ہیں اور آر ایس ایس سے تعلق رکھتے ہیں، تاہم دونوں کی سوچ الگ ہے ۔وہ اپنے نظریات کے حقدار ہیں۔ میں لبرل، سوشلسٹ اور جمہوری نظریات کا حامی ہوں۔ میں رام منوہر لوہیا کے نظریات کا پیروکار ہوں۔

سدرشن ریڈی نے پرچہ نامزدگی داخل کیا
نئی دہلی، 21 اگست (یواین آئی) نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کے لیے انڈیا اتحاد کے امیدوار بی سدرشن ریڈی نے جمعرات کو یہاں اتحاد کے سرکردہ لیڈروں کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔صبح پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر پھول چڑھانے کے بعد مسٹر ریڈی راجیہ سبھا سکریٹریٹ میں سکریٹری جنرل پی سی مودی کے دفتر میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے لئے پہنچے ۔ مسٹر مودی اس الیکشن کے ریٹرننگ آفیسر ہیں۔مسٹر ریڈی نے چارسٹوں میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے ، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی، اتحاد کے سینئر لیڈر شرد پوار، رام گوپال یادو اور کئی دیگرقائدین بھی موجود تھے ۔نائب صدر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے ۔نائب صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ 9 ستمبر کو اور ووٹوں کی گنتی اسی دن شام کو ہوگی۔