مسلمانوں سے صد فیصد رائے دہی کی اپیل
فرقہ پرست طاقتوں کا تلنگانہ سے صفایا ضروری
حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ کی 16 نشستوں پر کانگریس کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ معاون امیر حلقہ اور کنوینر پولٹیکل افیرس کمیٹی جناب عبدالمجید شعیب نے صحافت کو جاری کردہ بیان میں عوام بالخصوص مسلم رائے دہندوں سے اپیل کی کہ صد فیصد رائے دہی کو یقینی بنائیں۔ اپنے گھروں میں موجود تمام ووٹرس کے ساتھ پولنگ اسٹیشن پہنچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کریں۔ مجلس شوریٰ کے بیان کے مطابق ملک میں نفرت کی سیاست کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ 13 مئی کو اول وقت پولنگ اسٹیشن پہنچ کر اپنے حق کا استعمال کریں تاکہ بوگس رائے دہی کی گنجائش نہ رہے۔ دھوپ کی شدت کے پیش نظر بھی رائے دہندوں کو صبح کی اولین ساعتوں میں پولنگ اسٹیشن پہنچنا چاہیئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ کے عوام کانگریس کو کامیاب کرتے ہوئے تلنگانہ سے فرقہ پرست طاقتوں کا صفایا کردیں گے۔ مسلمانوں کی جانب سے متحدہ رائے دہی کی اپیل کرتے ہوئے جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں لوک سبھا چناؤ جمہوریت، دستور اور سیکولرازم کے تحفظ کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ مسلمانوں کو اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے رائے دہی میں حصہ لینا ہوگا۔ اس سلسلہ میں شعور بیداری کیلئے ائمہ اور خطباء جمعہ کے موقع پر اپنے خطابات میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ واضح رہے کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں جماعت اسلامی نے امیدواروں کی بنیاد پر کانگریس اور بی آر ایس کی تائید کی تھی تاہم اس مرتبہ حیدرآباد کو چھوڑ کر تمام 16 لوک سبھا حلقوں میں کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جماعت اسلامی ہند نے ملک بھر میں کانگریس زیر قیادت انڈیا الائنس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔1