جماعت اسلامی پر پابندی اور مذہبی رہنمائوں کی گرفتاری، مذہبی امور میں مداخلت :محبوبہ مفتی

   

اننت ناگ،6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جماعت اسلامی جموں کشمیر پر پابندی اور اس کے کارکنوں و دیگر بزرگ مذہبی رہنماؤں وائمہ جماعت کی پکڑ دھکڑ کو مذہبی امورمیں مداخت قرار دیا ہے ۔چہارشنبہ کے روز یہاں کھنہ بل میں پی ڈی پی کی ایک احتجاجی ریلی کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ جماعت اسلامی جموں کشمیر پر پابندی اور اس کے کارکنوں و دیگر مذہبی رہنماؤں کی گرفتاری اور جماعت اسلامی کے املاک کو سربمہر کرنا ہمارے مذہبی امور میں مداخلت ہے اور اس کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر گرفتاریوں کا یہ سلسلہ بند نہیں کیا گیا تو پی ڈی پی ریاست کے کونے کونے میں احتجاج درج کرے گی۔احتجاجی ریلی کے شرکاء نے ‘جماعت اسلامی پر عائد پابندی ہٹادو ہٹادو، مودی تیری تاناشاہی نہیں چلے گی نہیں چلے گی، اسلام میں مداخلت قبول نہیں قبول نہیں’ جیسے نعرے لگائے ۔محبوبہ نے کہا کہ حکومت وہ چارج شیٹ پیش کرے جس کے تحت جماعت اسلامی ، جمعیت اہلحدیث اور دیگر مذہبی جماعتوں کے لیڈروں اور ائمہ جماعت کو گرفتار کیا جاریا ہے ۔