وادی ہدیٰ میں 17 نومبر تک مختلف سیشن، کیڈر کنونشن سے ہفتہ کو امیر جماعت اسلامی ہند سعادت اللہ حسینی کا خطاب
حیدرآباد ۔14۔نومبر (سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند کے ارکان کا سہ روزہ کل ہند اجتماع کل 15 نومبر سے حیدرآباد کے وادیٔ ہدیٰ میں شروع ہوگا۔ 17 نومبر تک جاری رہنے والے سہ روزہ اجتماع میں ملک بھر سے 15000 اراکین کی شرکت متوقع ہے جن میں 5000 خاتون اراکین شامل ہیں۔ نائب صدر جماعت اسلامی ہند پروفیسر سلیم انجنیئر ، نائب صدر جناب ایس امین الحسن اور کل ہند اجتماع کے آرگنائزر جناب عبدالجبار صدیقی نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اجتماع کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گزشتہ 75 برسوں سے ملک میں احکامات الٰہی کی روشنی میں نظام عدل و قسط کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی اپنے قیام کے بعد سے ہی وابستگان جماعت اور عوام کی تربیت و ذہن سازی کیلئے وقتاً فوقتاً مختلف سطح پر اجتماعات منعقد کرتی رہی ہے۔ ارکان کا کل ہند اجتماع 2015 میں حیدرآباد میں منعقد ہوا تھا۔ جناب امین الحسن نے بتایا کہ اجتماع کا مرکزی موضوع عدل و قسط ہے ۔ اجتماع میں مختلف علمی ، فکری ، اخلاقی ، نظریاتی ، روحانی ، تعلیمی ، سماجی اور سیاسی موضوعات پر گفتگو ہوگی۔ امید کی جارہی ہے کہ اجتماع کے انعقاد سے ارکان میں تحریک مقاصد کی تکمیل کے جذبہ کو فروغ حاصل ہوگا۔ پروفیسر سلیم انجنیئر نے بتایا کہ احکامات الٰہی پر عمل آوری کے ذریعہ ملک میں نظام عدل و قسط قائم ہوسکتا ہے۔ پنجاب سے کیرالا اور منی پور سے گجرات تک کے ارکان جماعت اسلامی شرکت کریں گے۔ ارکان کے لئے مختلف سیشن منعقد کئے جائیں گے جس کے ذریعہ انہیں سماج میں رول ماڈل بننے اور ملک میں اسلام کی دعوت کو عام کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ سماج کے مختلف طبقات سے وابستہ ارکان کے لئے علحدہ سیشن منعقد کئے جائیں گے ۔ کیڈر کنونشن ہفتہ کی شام 6.30 بجے شروع ہوگا جس میں ارکان کے علاوہ معاون ارکان ، ایس آئی او اور جی آئی او کے ارکان شرکت کریں گے ۔ آخری سیشن میں 50,000 مندوبین شرکت کی توقع ہے ۔ قومی اور بین الاقوامی امور پر امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی کا خطاب ہوگا۔ سہ روزہ اجتماع کے دوران جماعت اسلامی کی سرگرمیوں کی تفصیلات پر مشتمل نمائش کا اہتمام کیا جائے گا جس میں 82 اسٹال ہوں گے ۔ پروفیسر سلیم انجنیئر کے مطابق بزنس ایکسپو کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ رفاہ چیمبر آف کامرس کی جانب سے بزنس ایکسپو میں ملک کے مختلف 200 تجارتی ادارے شرکت کریں گے ۔ 1