جماعت اسلامی ہند کا یوکرین پر روسی حملے پر اظہار افسوس

   

نئی دہلی ۔ جماعت اسلامی ہند یوکرین پر روسی حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ دونوں فریق صبروتحمل سے کام لیتے ہوئے اپنے تنازعات ختم کریں اور فوری جنگ بندی کرتے ہوئے سفارتی عمل شروع کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار آج نئی دہلی میں واقع جماعت اسلامی ہند کے ہیڈکوارٹر میں ماہانہ پریس میٹ کے دوران جماعت اسلامی کے نائب صدر انجینئر محمد سلیم نے کیا۔ محمد سلیم نے بتایا کہ ‘‘پہلے عراق اور افغانستان اور اب یوکرین پر حملوں سے غریب اور کمزور ممالک کی حالت زار اجاگر ہوتی ہے ۔ یہ ممالک طاقتور ممالک کے تصادم کا شکار ہیں۔ ان طاقتور ممالک کا دوہرا معیار پوری دنیا میں تشدد کی بڑی وجہ ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کو جمہوری انسانی اصولوں پر دوبارہ استوار کیا جائے تاکہ دنیا الگ الگ ظالم اور مظلوم کے خیموں میں بٹنے کے بجائے ایک متفقہ اصولی مؤقف کی طرف بڑھے ۔ جنگ صرف تباہی لاتی ہے اور اس سے فائدہ اسلحہ بنانے والی طاقتوں کو ہی ہوتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ‘‘جماعت اسلامی ہند محسوس کرتی ہے کہ دنیا کو ایسے قوانین اور معاہدوں کی شدید ضرورت ہے جو ہتھیاروں اور اسلحے کی پیداوار پر کنٹرول کرے ۔