جماعت اسلامی ہند کے قد آور رہنما ڈاکٹر محمد رفعت کا انتقال

   

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کے مفکر و قدآور رہنما ڈاکٹر محمد رفعت کا ’الشفاء‘ اسپتال، نئی دہلی میں کل انتقال ہوگیا۔ وہ 65 سال کے تھے۔ ڈاکٹر رفعت مرحوم حال ہی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ سے اپلائیڈ سائنسیس اور ہیومینیٹیز ڈپارٹمنٹ میں پروفیسر کی حیثیت سے ریٹائرمنٹ حاصل کی۔ انہوں نے آئی آئی ٹی کانپور میں تعلیم حاصل کی تھی۔ وہ حلقہ دہلی و ہریانہ کے تقریباً 16 برسوں تک امیر بھی رہے نیز جماعت کے سنٹرل ایڈوائزری کونسل کے ممبر اور سنٹر فار اسٹڈی اینڈ ریسرچ کے ڈائریکٹر تھے۔ وہ پالیسی مرتب کرنے اور نئے اداروں اور اس سے وابستہ تنظیموں کے قیام کیلئے جماعت کی متعدد اہم کمیٹیوں کی سربراہی کے علاوہ رسالہ ’’زندگی نو‘‘ کے سابق ایڈیٹر بھی رہ چکے تھے۔ ان کی وفات پر جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رفعت کی وفات امت مسلمہ اور اسلامی تحریک کیلئے بڑا خسارہ ہے۔ نماز جنازہ آج بعد نماز عشاء مسجد اشاعت اسلام میں ادا کی گئی۔ پسماندگان میں اہلیہ اور پانچ بچے ہیں۔