بھٹکل: “جماعت المسلمین بھٹکل ” بھٹکل کا ہی نہیں بلکہ ہندوستان کا ایک قدیم ادارہ ہے ، اس کی ہزار سے زائد سالہ تاریخ ہے اور نوائط قبیلہ سے تعلق رکھنے والوں کا یہ شان امتیاز رہا ہے جہاں بھی یہ لوگ بسے وہاں انہوں نے اجتماعیت کو قائم رکھنے کے لیے جماعتی نظام قائم کیا۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ جماعت کی خدمات ، اس کی تاریخ اور اس کو منصوبوں کو سامنے لانے اور ساتھ ہی ساتھ نئی نسل جماعت کی خدمات سے آگاہ کرنے کے لیے اس تاریخی پروگرام کا انعقاد کیا جائے۔ اس کے لیے 11 ، 12 جمادی الثانی 1444ہجری مطابق 4 ، 5 جنوری2023 عیسوی بروز بدھ وجمعرات کی تاریخ اور دن طئے کی گئی ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ اجلاس کے ایک دن قبل جماعت کی طرف سے ایک عظیم الشان جلوس کا انعقاد کیا گیا اس میں پورے شہر کے ہر مرکزی اداروں کے ذمہ داروں نے اور عوام نے بڑی تعداد شرکت کرکے اتحاد کی ایک زندہ مثال پیش کی۔
واضح رہے کہ یہ پروگرام جامع مسجد کے سامنے جماعت کی زیر تعمیر عمارت سے متصل میدان میں ہوگا جبکہ آخری پروگرام اصلاحِ معاشرہ کے عنوان پر عیدگاہ میدان میں بروز جمعرات بعد عشاء منعقد کیا جائے گا۔
تاریخ میں لکھا ہے کہ جب مسلمان اس علاقہ میں پہونچے تو جامع مسجد کی تعمیر کرائی اور اس کے ساتھ دعوتی نقطۂ نظر سے مسلمانوں کی اجتماعیت کو بحال رکنے کے لیے جماعت کی بنیاد بھی ڈالی گئی اور اس وقت جماعت کے تحت ہی مسلمانوں سے متعلق جملہ امور انجام پاتے تھے اور جب ضرورت محسوس کی گئی تو دوسرے اداروں کو قائم کیا گیا۔ اور جماعت کے قیام کے ساتھ دار القضاء کا قیام بھی عمل میں آیا اور اس کے تحت مسلمان اپنے خانگی مسائل حل کیا کرتے تھے اور یہ سلسلہ آج بھی الحمدللہ جاری ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ جب سپریم کورٹ میں دار القضاء کے سلسلہ میں بات آئی تو آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے جماعت المسلمین کے دستاویزات لے جاکر وہاں پیش کیے اور اس سے الحمدللہ بڑی حد تک کامیابی ملی جس کا اعتراف ملک کے مختلف ادارے اور شخصیات کرتی آرہی ہیں۔
اس دو روزہ اجلاس میں جماعت کے تعلق سے خدمات انجام دینے والوں پر ایک سمینار ہوگا اور نئی نسل کو ان کی خدمات سے واقف کرایا جائے گا۔ اس پر ایک ڈوکومنڑری ترتیب دی گئی ہے جس میں تحریری طورپر ان کی خدمات کو جمع کیا جائے گا۔ براردانِ وطن کے لیے ایک مخصوص پروگرام ہوگا جس میں اسلام اور بھٹکل سے متعلق ان کے شکوک وشبہات دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایک تاریخی نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اصلاحِ معاشرہ کے عنوان پر عیدگاہ میدان میں 5 جنوری کو بعدِنمازعشاء پروگرام منعقد ہوگا جس میں بھٹکل اور اطراف کے لوگ بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔
اس دو روزہ سیمینار میں برادران وطن کے لیے بھی ایک مخصوص پروگرام رکھا گیا ہے، اس کے علاوہ دو روزہ پروگرام میں جماعت کیا قضاۃ اور ائمہ پر محاضرے پیش کیے جائیں گے، اور مختلف قسم کے ثقافتی پروگرام پیش کیے جائیں گے اور بھٹکل کی اور جماعت کی تاریخ سے عوام الناس کو آگاہ کیا جائے گا۔
اس اجلاس میں بطور مہمان خصوصی مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سیکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ،مولانا بلال عبد الحی حسنی ندوی، کرناٹکا کے امیر شریعت مولانا صغیر احمد رشادی، کنڑ اخبار وارتا بھارتی مدیر عبدالسلام پتگے بھی تشریف لائیں گے،ان کے علاوہ ملک بھر کی مشہور و معروف شخصیات اس اجلاس میں بطور مہمان خصوصی تشریف لائیں گے ۔

