اسٹیٹ کونسل ایجوکیشنل ریسرچ و ٹریننگ کی غفلت۔ فوری غلطی سدھارنے کیلئے نمائندگی
حیدرآباد۔17۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کتب کی تیاری اور اشاعت کے ذمہ دار ادارہ اسٹیٹ کونسل ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ نے پہلی جماعت کی حساب کی کتاب کے سرورق کے ڈیزائن کی تیاری میں جو غفلت کی ہے اس سے مسلمانو ںکی دل آزاری ہونے لگی ہے کیونکہ SCERT کے ذمہ داروں کی جانب سے شائد اس بات پر غور نہیں کیاگیا کہ سروورق کی تیاری میں عربی لفظ اللہ کا استعمال کیاگیا ہے جس کے نتیجہ میں مسلمانو ںمیں شدید ناراضگی پائی جانے لگی ہے اور دونوں شہروں و اضلاع میں ضلع کلکٹرس سے نمائندگی کرکے کہا گیا ہے کہ حکومت سے فوری اقدامات کرکے SCERT کی جانب سے شائع کی گئی اس کتاب کا سرورق فوری تبدیل کیا جائے تاکہ مسلمانوں کی دل آزاری نہ ہو اور اسم مبارک ’اللہ ‘ کی توہین سے محفوظ رہا جاسکے۔ تلنگانہ کی کئی سرکردہ تنظیموں کے ذمہ داروں نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں و ضلع کلکٹرس کو اس مسئلہ پر متوجہ کرواتے ہوئے خواہش کی کہ وہ اس کی یکسوئی کو یقینی بنائیں کیونکہ ایسا نہ کئے جانے پر اس سہو کو غلط اعتبار سے پیش کئے جانے کی شائبہ ہوگا اسی لئے حکام بالخصوص محکمہ تعلیم کو چاہئے کہ وہ پہلی جماعت کی حساب کی کتاب واپس لے کر اس کے سرورق کو تبدیل کرے۔ سوشل میڈیا پر گشت کررہی اس کتاب کی تصویروں کو دیکھنے کے بعد سماج کے بیشتر تمام گوشوں کی جانب سے کہا جا رہاہے کہ ڈیزائن کے دوران خطاطی کے نمونہ کو کتاب کے سرورق میں شامل کیا گیا ہے جس کے متعلق بدگمانی نہیں کی جارہی ہے اور اس کو قبول کیا جا رہاہے کہ غلطی کے سبب ایسا کیاگیا ہو لیکن اگر سرورق کی تبدیلی نہیں کی گئی تو مسلمانوں میں اس حرکت پر غم وغصہ کی لہر پیدا ہوسکتی ہے اسی لئے عہدیداروں سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ فوری سرورق کی تبدیلی کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔3