جماعت میں گیا ابوبکر دہشت گرد کب ہوگیا:اہل خانہ

   

بہرائچ: ملک کو دہلانے کی سازش کے الزام میں دہلی میں گرفتار اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے رہنے والے ابو بکر کے اہل خانہ کو یقین نہیں ہورہا ہے کہ ان کے گھر کا بیٹا دہشت گردی کے کام میں کب اور کیسے شامل ہوگیا۔ضلع کے تھانہ قیصر گنج علاقے کے سوناری چوراہا باشندہ ابو بکر کو منگل کو دہلی پولیس نے دہلی سے ہی گرفتار کیا ہے۔پاکستان سے ٹریننگ لے کرآنے کے الزام میں گرفتار کئے گئے مبینہ دہشت گردوں میں ابو بکر بھی ہیں لیکن ان کا خاندان اپنے بیتے کو پوری طرح سے معصوم قرار دے رہا ہے۔ خاندان کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ابو بکر جماعت میں شامل ہونے مرکز دہلی گیا تھا۔ جہاں سے پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ خاندان کو اس کی جانکاری اخبارات کے ذریعہ ملی۔ابو بکر کی ماں ،ان کا چھوٹا بھائی عمر اور چچا عمار سبھی اسے بے قصور بتار ہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ابوبکر کبھی پاکستان گیا ہی نہیں تو اس نے ٹریننگ کیسے لے لی۔ اسے غلط پھنسایاگیا ہے۔ اہل خانہ کا مطالبہ ہے کہ ان کے ساتھ انصاف ہو اور جانچ کر کے اسے چھوڑا جائے۔