جماعت ِاسلامی ہند بیدر کی جانب سے 2روزہ خطبات ’’سیرت النبیؐ ‘‘ کا انعقاد
بیدر۔ 17ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد آصف الدین میڈیا انچارج JIH بیدر کی پریس ریلیز کے مطابق حیدرآباد سے تشریف لائے مہمان مولانا حامد محمد خان مرکزی ذمہ دار جماعت اسلامی ہندنے کہاکہ نبی ٔ رحمت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم تمام انسانوں میںسب سے زیادہ سخی اور سب سے زیادہ بہادرتھے۔سب سے زیادہ حسین وجمیل تھے ۔جماعت اسلامی ہند بیدر کی جانب سے سیرت مہم ’’انصاف کے علمبردار پیغمبر حضرت محمدؐ‘‘ کے آخری پروگرام’’خطبات سیرت النبی محمد‘‘ؐ منعقدہ جامع مسجد بیدر میں مردوخواتین کی کثیر تعداد سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ آپ ؐکے صحابہ آپ کے انتہائی اطاعت شعارتھے۔ غار ثور میں حضرت ابوبکر ؓنے نبی سے جو وفاداری کی ہے وہ تاقیامت ایک مثال ہے۔ اُم سلیم ؓ جنگ احد میں حضوراکرم کی حیات کے لئے پریشان ہواٹھتی ہیں انہیں باپ اور بھائی کی شہادت کا کوئی غم نہیں ہے۔ وہ حیات ِ نبی پر خوش اور مسرور ہیں۔ مولانا حامد محمد خان نے محبت ِ رسول کے تقاضوں پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محبت ِرسول ایمان کالازمی تقاضہ ہے۔محبت رسول اور اطاعت ِ رسول لازم وملزوم ہیں۔ دعویٰ ہے محبت وعشق ِ رسول کالیکن اطاعت واتباع ِ رسول نہیں ہے تو وہ منافقت ہے۔مولاناعبدالغنی نے نبی کریم ؐ کے بچپن ، جوانی اور نبی کی زندگی کے مختلف واقعات پیش کرنے کے بعد کہاکہ آپ ؐ ہر معاملے میں لوگوں کیساتھ انصاف فرمایاکرتے تھے۔ آج ہماراحال یہ ہے کہ ہم نے عدل وانصاف کادامن ہاتھ سے چھوڑ دیاہے۔ وراثت میں اپنی سگی بہنوں کوحصہ نہیں دیتے ‘‘عارف الدین نے کنوینر کے فرائض انجام دئے۔ جب کہ افتتاحی کلمات محمد معظم امیرمقامی JIHبیدر نے پیش کئے۔محمد صلاح الدین معاون امیرمقامی JIHنے شکریہ اداکیا۔ ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد نے رسول اللہ کی رسالت کے مقصد کو بیان کیا۔ کہاکہ دراصل آپؐ اسلام کودنیا میں نافذ کرنے تشریف لائے تھے۔ اللہ نے آپ ؐ کی مددفرمائی اور دین قائم ہوگیا جس کے نتیجے میں دنیا کو عدل وانصاف حاصل ہوا۔ ایک موقع پر ابوجہل کی تاجرپر زیادتیوں کاذکر آپ ؐ کے سامنے ہوا۔اللہ کے رسولؐ نے بڑی ہمت کیساتھ تاجر کو اس کاحق دِلایا۔ مفتی سید سراج الدین نظامی نائب صدر اہل سنت والجماعت کرناٹک نے کہاکہ نبی کریمؐ کو اللہ نے پوری دنیا کیلئے نمونہء عمل بنایاہے۔ آپ ؐ کاعمل ، زندگی کے تمام گوشوں کیلئے نمونہ ء حیات ہے۔ ملت کو چاہئے کہ نبی کی سیرت کی روشنی میں اپنی تربیت کرے۔ ڈاکٹر ارشاد نوید معاون امیرمقامی JIHبیدر کے اظہار تشکرپرجلسہ اختتام پذیرہوا۔ ان دوروزہ خطابات کے ساتھ ہی سیرت النبی ؐ پر چلائی جارہی مہم اپنے اختتام کو پہنچی۔
مولانا عبدالقوی حسامی صدر ضلع جمعیتہ العلماء نارائن پیٹھ منتخب
مکتھل ۔ 17 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جمعیتہ العلماء ضلع نارائن پیٹھ کے ترجمان کے مطابق جمعیتہ العلماء ہند کے دستور اور ریاستی جمعیتہ العلماء کی ہدایت پر جمعیتہ العلماء ضلع نارائن پیٹھ کا ایک انتخابی جائزہ اجلاس 11 ستمبر کو جامع مسجد مکتھل میں منعقد ہوا جس میں ریاستی مبصر و نگران کار کی حیثیت سے مولانا حافظ عبدالوارث قاسمی نے شرکت کی۔ بعد میں مولانا حافظ عبدالقوی حسامی صدر ضلع جمعیتہ العلماء نارائن پیٹھ نے جمعیتہ العلماء کی کارکردگی اور ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں جمعیتہ العلماء کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ تمام شرکاء اجلاس سے اگلی میعاد کیلئے صدر کے انتخاب پر مشاورت کی اور بلامقابلہ شرکاء اجلاس کے اتفاق رائے سے تیسری مرتبہ مولانا حافظ عبدالقوی حسامی کو صدر ضلع جمعیتہ العلماء نارائن پیٹھ کے انتخاب کا اعلان کیا جبکہ مولانا عبدالحمید رشادی کو دوسری مرتبہ جنرل سیکریٹری منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔