حیدرآباد۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ زون پولیس نے سٹہ جوے کے ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور 24 افراد کو حراست میں لیتے ہوئے ان کے قبضہ سے 30,760 روپے رقم کو ضبط کرلیا۔ شاہ عنایت گنج پولیس کے ساتھ کی گئی کارروائی میں ٹاسک فورس پولیس نے 15 سیل فون اور لاٹری کے چارٹ کو بھی ضبط کرلیا۔ گرفتار افراد میں سے 4 اس ریاکٹ کے اصل سرغنہ اور باقی ان کے معاونین ہیں۔ پولیس کے مطابق 26 سالہ وشال سنگھ ساکن جمعرات بازار، 24 سالہ نریش کمار چوپال ساکن بہادر پورہ چپل بازار، 22 سالہ انکت سنگھ ساکن دھول پیٹ اور 26 سالہ اکشے سنگھ ساکن اپر دھول پیٹ کے علاوہ دیگر 20 افراد شامل ہیں۔ ٹاسک فورس ساوتھ زون کے مطاق یہ ٹولی غریب عوام کو نشانہ بنایا کرتی ہے۔ ہوٹلوں میں کام کرنے والے ، آٹو ڈرائیورس، روزانہ محنت مزدوری کرنے والے اڈے کے مزدور، فٹ پاتھ کے کاروباریوں کو یہ لوگ نشانہ بنایا کرتے تھے۔ کم وقت میں آسان انداز میں زائد منافع کا لالچ دیا جاتا اور ان کو محنت کی کمائی سے سٹہ کھلایا جارہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ وشال سنگھ جو پیشہ سے پان کی دوکان چلاتا ہے اس نے سٹہ کا منصوبہ بنایا۔ اپنی وکی پان شاپ کے قریب کمرہ حاصل کیا اور تین سب آرگنائزرس کے ساتھ کام شروع کیا۔ خفیہ اطلاع کے بعد کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ پولیس نے جمعرات بازار علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا۔ گرفتار افراد اور ضبط شدہ مال کے ساتھ ٹاسک فورس نے مزید کارروائی کے لئے انہیں شاہ عنایت گنج پولیس کے حوالہ کردیا۔ ع