نئی دہلی ۔9 ؍اپریل ( ایجنسیز )بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پٹنہ سے دہلی پہنچ چکے ہیں۔ طویل عرصہ بعد میڈیا کے سامنے آئے نتیش کمار نے اپنے مستقبل کو لیکر کئی اہم اشارے دیے۔ راجیہ سبھا جانے کے سوال پر انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کل جمعہ10 اپریل کووہ حلف لیں گے اور اب یہی دہلی میں رہیں گے۔ بہت وقت تک یہاں (دہلی) میں کام کیا ہے اب پھر سے یہیں کام کروں گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ دہلی میں سرگرم رہنے کے باوجود ان کا بہار سے تعلق برقرار رہے گا۔ بہار کے وزیر اعلیٰ کے مطابق اتنے سالوں تک بہار میں رہ کر بہت کام کیا ہے اور آگے بھی کام جاری رہے گا۔ اس بیان سے واضح ہے کہ وہ قومی سیاست میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن ریاست کی سیاست سے مکمل طور پر دوری نہیں بنائیں گے۔جب میڈیا نے نتیش کمار سے ان کے بیٹے نشانت کمار کی سیاست میں داخلہ اورکردار کو لے کر سوال کیا تو وہ سیدھے طور پر جواب دینے سے بچتے ہوئے نظر آئے۔ نتیش کمار نے کہا کہ اس بارے میں ہماری پارٹی کے لیڈران طے کریں گے۔ A/H
طے شدہ پروگرام کے مطابق نتیش کمار 10 اپریل کو دوپہر 12.15 بجے راجیہ سبھا رکن کے طو پر حلف لیں گے۔ اس کے بعد وہ 10 اپریل کی شام یا 11 اپریل کی صبح پٹنہ لوٹ سکتے ہیں۔دوسری جانب سیاسی حلقوں میں یہ بحث زوروں پر ہے کہ نتیش کمار 14 اپریل کو وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دے سکتے ہیں۔