جمعہ کی باجماعت نماز پر پابندی کے خلاف احتجاج، گورنر برطرف

   

قرطوم۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سوڈان میں جمعہ کے اجتماعات پر پابندی کی مخالفت پر خرطوم کے گورنر کوعہدے سے معزول کردیا گیا۔عرب میڈیا کے کے مطابق سوڈانی وزیر اعظم عبدل حمدوک نے گورنر خرطوم جنرل احمد عبدون حماد کو جمعہ اجتماعات پرحکومتی پابندی کی مخالفت کرنے پر عہدے سے فوری برخاست کرنے کا حکم دیا تھا۔نئے گورنر کی تعیناتی تک وفاقی وزیر یوسف الضئی کو عبوری گورنر مقرر کردیا گیا۔سوڈانی حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کے لئے 15 اپریل سے 3 ہفتوں کے لئے لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے اور حکم دیا لاک ڈاون کے دوران مساجد، مزارات، گرجا گھروں میں ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی۔سوڈانی وزارت مذہبی امور نے اسلامی فقہ کونسل کے فتوے کی روشنی میں جمعہ کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔واضح رہے کہ سوڈان میں کورونا وائرس میں مبتلا 36 مریض تشخیص کئے گئے، اب تک 6 مریض ہلاک اور 3 صحت یاب ہوچکے ہیں۔