سپریم کورٹ کے فیصلہ کیخلاف مسلم پرسنل لا بورڈ کی دوسرے مرحلہ کی مہم
حیدرآباد۔30۔ستمبر ۔(سیاست نیوز) ملک میں وقف مرممہ قوانین 2025 کے متعلق سپریم کورٹ کے عبوری فیصلہ کے خلاف آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ نے دوسرے مرحلہ کی مہم کا اعلان کرتے ہوئے 19 ستمبر کو ملک بھر میں ’’یوم دعاء‘‘ کا اہتمام کیا تھا اور اب 3اکٹوبر بروز جمعہ ملک بھر میں صبح 8 بجے تا 2بجے دوپہر بند منانے کا اعلان کیاگیا ہے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے کئے گئے دوسرے مرحلہ کی مہم کے اعلان کے دوران کی گئی بند کی اپیل پر صدرآل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ‘ مولانا محمد فضل الرحیم مجددی جنرل سیکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے علاوہ قومی کنوینر و تحفظ اوقاف مہم سید قاسم رسول الیاس کے دستخط ہیں۔ دوسرے مرحلہ کی مہم کے سلسلہ میں بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں کہاگیا ہے کہ 3اکٹوبر کو منائے جانے والے بند کے علاوہ جنتر منتر پر احتجاج کے ساتھ ملک کی تمام ریاستی اسمبلیوں کے روبرو مظاہرے کئے جائیں گے علاوہ ازیں دہلی کے رام لیلا میدان میں مرکزی احتجاجی جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے ملک بھر سے شرکاء کو مدعو کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے پہلے مرحلہ کی مہم کے دوران انسانی زنجیر بنانے کے علاوہ پریس کانفرنسوں اور جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے احتجاج درج کروایا تھا اور اب بین مذہبی اجتماعات منعقد کرنے کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی مہم چلانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ 3 اکٹوبر کو ہندستان بھرمیں بند منانے کی اپیل کی گئی ہے اور ملک کی کئی ریاستوں میں علمائے اکرام و اکابرین نے اس بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے اس کی مکمل تائید کا اعلان کیا ہے۔3