حیدرآباد۔ 29 اپریل (سیاست نیوز) مسلمانان حیدرآباد و تلنگانہ نے بہ دیدہ نم ماہ صیام رمضان المبارک کو الوداع کرنا شروع کردیا ہے اور آج جمعۃ الوداع کے موقع پر بہ دیدہ نم بارگاہ یزدی میں رقت انگیز دعائیں کی اور اپنے گناہوں پر ندامت و پشیمانی کا اظہار کرتے ہوئے مغرب طلب کی ۔ الوداع ‘ الوداع ‘ الوداع یا شھر رمضان ‘ الوداع ‘ الوداع ‘ الوداع یا شھرصیام‘ الوداع‘ الوداع‘ الوداع یا شھر القرآن والفرقان کے رقت انگیز کلمات اور دعاؤوں کے ساتھ امت مسلمہ نے ماہ رمضان المبارک کو الوداع کہنا شروع کردیا ہے اور جمعۃ الوداع کے موقع پر دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کی تمام مساجد میں مسلمانوں کے عظیم الشان اجتماع دیکھے گئے ۔ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن و تحدیدات کے سبب گذشتہ دو برسوں سے جمعۃ الوداع کا اہتمام نہیں ہوپا رہا تھا لیکن دو برسوں بعد آج جمعۃ الوداع کیلئے تزک و احتشام کے ساتھ اجتماعات کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ تاریخی مکہ مسجد اور چارمینار کے دامن میں جمعۃ الوداع کاسب سے بڑا اجتماع دیکھا گیاجہاں مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد نے اپنے منفرد انداز میں خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت کی۔ مکہ مسجد میں نماز جمعہ سے قبل مصری قراء کرام شیخ مصطفیٰ اور شیخ یحییٰـ نے اپنے مخصوص لحن میں قرآن پاک کی تلاوت کی ۔ نبیرۂ حضرت سید افتخار علی شاہ وطن ؒ مولانا سید پیر شبیر نقشبندی افتخاری نے 30 ویں سالانہ قرآنی مہم کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ہندستان کے مختلف شہرو ںمیں ماہ رمضان المبارک کے دوران مصری قراء کے ذریعہ قرآن کا پیغام انسانیت کے نام کی مہم چلائی جاتی ہے۔ بعد نماز جمعہ مکہ مسجد میں مجلس اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام جلسۂ یوم القرآن منعقد ہوا۔ جلسہ سے بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے خصوصی خطاب کیا۔ شاہی مسجد باغ عامہ میں بھی جمعۃ الوداع کے موقع پر عامۃ المسلمین کا کثیر اجتماع دیکھا گیا اور چلچلاتی دھوپ کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں مصلیوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ مولانا حافظ محمد احسن بن عبدالرحمن الحمومی خطیب و امام شاہی مسجد باغ عامہ نے قبل جمعہ وعظ و نصیحت کی اور خطبہ جمعہ و نماز جمعہ کی امامت کے فرائض ادا کئے ۔اس کے علاوہ جامع مسجد چوک میں جمعۃ الوداع کے موقع پر کثیر اجتماع دیکھا گیا جہاں مولانا حافظ احمد عبدالحئی قریشی خطیب و امام نے خطبہ و نماز جمعہ پڑھائی ۔ جامع مسجد ٹین پوش لال ٹیکری میں بھی نماز جمعہ کے موقع پر مصلیان اکرام کی بڑی تعداد دیکھی گئی ۔ مولانا عبید الرحمن اطہر ندوی خطیب و امام مسجد ٹین پوش نے رقت انگیز دعاء و وعظ و نصیحت کرکے امت مسلمہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگیو ںکو رمضان المبارک کی طرح ڈھال لیں اور رمضان کے علاوہ بھی اسی کثرت سے عبادتوں کا اہتمام کریں۔مسجد عالمگیری شانتی نگر‘ ٹیک کی مسجد نامپلی ‘ جامع مسجد مشیر آباد‘ جامع مسجد معظم پورہ ملے پلی‘ مسجد عامرہ ‘ مسجد عالیہ ‘ جامع مسجد فلک نما ( کویلو کی مسجد) کے علاوہ دیگر کئی مساجد میں نماز جمعۃ الوداع کا خصوصی اہتمام کیاگیا ۔ محکمہ پولیس‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد‘ محکمہ برقی ‘ محکمہ آبرسانی کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے جمعۃ الوداع کے موقع پر خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔م