مولانا محمد عبدالحمید السائح کی عوام الناس کو مخالف رائے بھیجنے کی اپیل
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی : ( راست ) : ہمارے ملک عزیز میں انتخابات کے پیش نظر مرکزی حکومت نے یکساں سیول کوڈ کا شوشہ چھوڑ کر مسلمانوں سے اور شریعت سے مذاق کرنے کا مشغلہ اختیار کر رکھا ہے ۔ جب کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے ۔ برسر اقتدار پارٹی نفرت کا ماحول بنا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صدر جمعیتہ علماء بودھن مولانا محمد عبدالحمید السائح قاسمی نے پریس میٹ میں کیا ۔ یہ بھی کہا کہ 14 جولائی تک جمعیتہ علماء ہند کے بار کوڈ کے ذریعے اپنی رائے کو لاء کمیشن میں درج کرائیں ۔ صدر جمعیتہ نے کہا کہ یکساں سیول کوڈ کے ذریعے نہ صرف مسلمانوں کو نقصان پہنچے گا ، بلکہ ملک عزیز میں موجود تمام قوموں کو نقصان ہوگا ۔ خاص طور پر آدی واسی قوم کا سب میں زیادہ نقصان ہوگا ۔ ایس سی ، ایس ٹی جیسے پسماندہ طبقات کا بھی بہت زیادہ نقصان ہوگا کیوں کہ پہلی فرصت میں ان کا ریزرویشن ختم ہوجائے گا ، سکھ برادری کی بھی تہذیب کو نقصان ہوگا ۔ چنانچہ انہوں نے متفقہ طور پر مخالفت کا اعلان کیا ۔ لہذا مسلمان برادران وطن کو لے کر اس مہم کو چلائیں تو ان شاء اللہ کامیاب ہوں گے ۔ تلنگانہ حکومت نے بھی یکساں سیول کوڈ کے خلاف بیان دیا ہے ۔ ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ پریس میٹ میں مفتی منصور قاسمی ، مولانا خالد بیگ قاسمی ، حافظ شیخ نصیر ، حافظ اسد اللہ ، مولوی معز ، کلیم پٹیل بچکنڈہ ، حاجی عبدالروف موجود تھے ۔۔