جمعیت القریش کی جانب سے غریب اور مستحق افراد کی امداد

   

علاج اور تعلیم پر توجہ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی تقریر
حیدرآباد: جمعیت القریش حیدرآباد کی جنرل باڈی اجلاس آج حسینی علم کے جماعت خانہ میں منعقد ہوا۔ تنظیم کے صدر اور وقف بورڈ کے صدرنشین محمد سلیم نے صدارت کی۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی سرگرمیوں اور قریش برادری سے تعلق رکھنے والے غریب افراد کی بھلائی کے سلسلہ میں مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ جمعیت القریش کی جانب سے غریب افراد کو علاج کیلئے امداد فراہم کی جارہی ہے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ طبی امداد کے طور پر 10,000 تا 50,000 روپئے جاری کئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کینسر ، قلب اور گردے کی بیماریوں کے علاج میں مدد کی جاتی ہے ۔ قریش برادری کی غریب لڑکیوں کی شادی اور مستحق طلبہ کو تعلیمی اسکالرشپ فراہم کی جاتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ میت فنڈ کے تحت پانچ ہزار روپئے جاری کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قریش برادری میں شادیوں کے موقع پر اصراف سے بچنے کیلئے باقاعدہ مہم چلائی گئی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی بھلائی کیلئے کئی نئی اسکیمات متعارف کی گئیں اور ہر سال بجٹ میں اضافہ کیا جار ہا ہے ۔ اجلاس میں نائب صدور خواجہ پاشاہ ، محمد صابر ، جنرل سکریٹری منیر قریشی ، جوائنٹ سکریٹری عتیق قریشی اور دوسروں نے حصہ لیا۔