جمعیت علماء ہند عدالت میں عمر گوتم کے مقدمات کی پیروی کرے گی:مولانا محمود مدنی

,

   

جاری پریس ریلیز میں شائع رپورٹ کے مطابق جمعیۃعلماء ہند کے صدر مولانا محمود ا سعد مدنی نے کل یہاں اپنے بیان میں کہا ہے کہ جبری تبدیلی مذہب کا الزام لگا کر جس طرح عمر گوتم و دیگر کو گرفتار کیا گیا ہے اور اسے جس طرح میڈیا پیش کررہا ہے، وہ قابل مذمت اور باعث تشویش ہے۔اقلیتوں اور کمزور طبقات کے معاملے میں میڈیا کا جج بن جانا اور انھیں مجرم بنا کر پیش کرنا ایک عام سی بات ہوگئی ہے ، ماضی میں تبلیغی جماعت کو لے کر اسی طرح کی رویہ اختیار کیا گیا تھا ۔ اس کانتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جن کو ملزم بنایا جاتا ہے ، اس کو اور اس سے وابستہ لوگوں کو کافی نقصان اٹھانا پڑتا ہے اور بعد میں جب عدالتیں ان کو بے قصور قرار دے دیتی ہیں ، تو یہی میڈیا خاموشی کی چادر اوڑھ لیتا ہے ۔صدر جمعیۃ علماء ہند نے کہا کہ ہر ایک کو اپنے موقف کے دفاع اور عدالت میں انصاف کے لیے اپنی طرف سے مضبوطی سے بات رکھنے کا بنیادی حق ہے ، اس سے کسی کو کوئی محروم نہیں کرسکتا ۔ اس لیے جمعیۃعلماء ہند نے عمر گوتم کے صاحبزادے عبداللہ عمر کی گزارش پر فیصلہ کیا ہے کہ ان کے مقدمات کی بھر پور پیروی کرے گی۔