نئی دہلی :جمعیۃعلماء ہند کے صدرمولانا ارشدمدنی کی ہدایت پر جمعیۃعلماء کے ایک نمائندہ وفد نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور جان ومال کی جوتباہی ہوئی ہے اس کا مشاہدہ کیا،دورہ کے بعد وفدنے کہا کہ کیرالامیں سیلاب کی تباہ کاریاں ناقابل بیان ہیں۔ متاثرین کی مدد کے لئے راحت رسانی کا کام مسلسل جاری ہے ، لیکن جس طرح کی تباہی ہوئی ہے اس کے پیش نظروہاں وسیع پیمانہ پر راحت رسانی کی ضرورت ہے ۔صدرجمعیۃعلماء ہند مولانا ارشدمدنی نے کہا کہ جمعیۃعلماء ہند کیرالامیں آئے تباہ کن طوفان کے متاثرین سے اپنی ہمدردی کااظہارکرتاہے اورانہیں اس بات کا یقین دلاتاہے کہ اس مصیبت کی گھڑی میں جمعیۃعلماء ہند بلاتفریق مذہب وقوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے ۔
ہم مالک کائنات کے بندہ ہیں لہذااس کے ہر فیصلہ پر سرتسلیم خم کردینا ہی ہماری بندگی کاتقاضاہے ۔وہی ہماری پریشانی کا مداویٰ کرے گا۔