جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی جانب سے آبدار خانوں کا افتتاح

   

کریم نگر ۔ موسم گرما میں ہر سال کی طرح اس سال بھی جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی جانب سے شہر کریم نگر میں دو مقامات (گیتا بھون چوراستہ اور سرکاری دواخانہ) میں آبدار خانوں کا افتتاح عمل میں آیا،گیتا بھون چوراستہ کے آبدار خانہ کا افتتاح وی رمنا راؤ کارپوریٹر نے کیا اور جمعیۃ الحفاظ کی خدمات کو خوب سراہا اور سرکاری دواخانہ کے آبدار خانہ کا افتتاح ڈاکٹر محمد علیم چلڈرن اسپیشل اور مدھو سدن راجو کنٹراکٹر کے ذریعہ عمل میں آیا،اس موقع پر صدر قاضی وصدر جمعیۃ الحفاظ حافظ احمد منقبت شاہ خان نے کہا کہ جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی جانب سے جہاں مختلف مثالی خدمات کو انجام دیا جاتا ہے وہیں ہر سال مسافروں اور راہ گیروں کے لئے بغیر کسی مسلکی ومذہبی امتیاز کے آبدار خانوں کی شکل میں ٹھنڈے اور صاف شفاف پانی کا انتظام کیا جاتا ہے،جس سے بڑی تعداد میں بندگان خدا سیراب ہوتے ہیں اور دل سے دعائیں دے کر جاتے ہیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ لوگوں میں سب سے بہترین وہ ہے جو لوگوں کو فائدہ پہنچائے،اس حدیث کے پیش نظر جمعیۃ الحفاظ خدمت خلق کے ہر میدان میں سر فہرست نظر آتا ہے۔اس موقع پر حافظ ضیاء اللہ خان نائب صدر جمعیۃ الحفاظ،حافظ وسیم الدین معتمد،حافظ صادق علی نائب معتمد،حافظ معظم حسین فیضی خازن،حافظ فرید الدین امجد نائب خازن،حافظ سید رضوان فلاحی نائب معتمد،مولانا شاداب تقی قاسمی،حافظ عفان کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔