تانڈور /30 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی کے مطابق جمعیتہ العلماء ضلع وقارآباد کی ماہانہ جنرل باڈی میٹنگ بصدارت مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ العلماء ضلع وقارآباد 29 اکٹوبر بروز منگل بعد نماز عشاء بمقام دفتر جمعی علماء ضلع وقارآباد منعقد ہوئی۔میٹنگ کا آغاز حافظ محمد کی قرات کلام مجید سے ہوا بعد ازاں مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں باتفاق رائے یہ بات طئے پائی کہ اندرون ایک ہفتہ شہر تانڈور کے محلہ جات مانک نگر، پٹیل گارڈن ، اندرانگر، شیواجی چوک اور قدیم ترکاری بازار میں 6 جدید مکاتب کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ نیز یہ بات بھی طئے پائی کہ جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر نگرانی 8 دیہاتوں کے مکاتب میں ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے طلباء کی ہمت افزائی کیلئے تہنیتی تقاریب بھی منعقد کی جائیں گی اور اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار اور دین سے قریب لانے کی کوششیںتیز نوجوان لڑکیوں اور بڑی عمر کی خواتین کیلئے مختلف عناوین کے تحت خصوصی دینی کلاسس کا بھی انعقاد عمل میں لایا جائیگا۔اس اجلاس میں دیہی اور شہری مکاتب کے اساتذہ اور جمعیتہ العلماء کے مختلف شعبوں کے ذمہ داران اور اراکین جمعیتہ کی بڑی تعداد موجود تھی اور مولانا محمد عبدالقدوس رشادی کی دعاء پر مجلس کا اختتام عمل میں آیا ۔