جمعیۃ العلماء کی عرضی پر میڈیا کیخلاف حکم سے انکار

   

نئی دہلی ۔13 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام)سپریم کورٹ نے پیر کو جمعیۃ العلماء ہند کی عرضی پر ایسا کوئی بھی عبوری حکمنامہ جاری کرنے سے انکار کردیا جیسا کہ وہ چاہتی ہے۔ جمعیۃ نے استدعا کی تھی کہ نظام الدین مرکز کے حالیہ واقعہ سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو جوڑتے ہوئے منافقت اور فرقہ وارانہ نفرت پر مبنی میڈیا چلانے والوں کو روکا جائے ۔ عدالت نے کہاکہ وہ میڈیا کا منہ بند نہیں کرے گی ، تاہم وہ چاہیں تو مخصوص میڈیا ہاؤس یا صحافتی گوشے کی رپورٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے پریس کونسل آف انڈیا کے خلاف مقدمہ دائر کریں۔ اس طرح وہ ایک فریق بن سکتے ہیں اور عدالت مناسب کارروائی کرے گی ۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی تین رکنی بنچ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ معاملے کی سماعت کی اور کہاکہ وہ اس مرحلے پر عبوری حکمنامہ جاری نہیں کرسکتے ۔