جمعیۃ علماء وقارآبادکا 26 جنوری کو تانڈور میں سالانہ اجلاس

   

تانڈور۔یکم جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی ماہانہ جنرل میٹنگ کل بروز منگل بعد نماز عشاء زیرصدارت مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد،دفتر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد پر منعقد ہوئی اور حافظ محمد نوید صاحب استاذ مدرسہ قاسم العلوم ٹرسٹ کی قرآت کلام مجید سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے تنظیم کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ سال 2024 کے آغاز میں یہ عہد کیا گیا تھا کہ اس سال جنگی پیمانے پر بچوں،بالغان اور بالغات کے لئیے مؤثر مکاتب قائم کرنے ہیں اور جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے 2024 میں دیہی وشہری علاقوں میں بشمول بچوں،بالغان و بالغات کے 25 سے زائد مکاتب قائم کیے جن کی اکثریت خود کفیل ہے۔اس اجلاس میں باتفاق آراء یہ طئے پایا کہ دیہی وشہری علاقوں میں چلنے والے مکاتب میں ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے 170 سے زائد طلباء وطالبات کی تہنیت کے لیے سالانہ اجلاس عام زیر سرپرستی پاسبان ملت حضرت حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ 26 جنوری 2025 کو میٹرو فنکشن ہال تانڈور میں منعقد ہوگا جس میں ملک اور ریاست کے بلند پایہ ومایہ ناز علماء کرام کے خطابات ہوں گے۔اس میٹنگ میں تنظیم کے سالانہ اجلاس کے انعقاد اور اس سے متعلق انتظامی امور پر بھی غور وخوض عمل میں آیا۔نیز شہر تانڈور کے قدیم حافظ اور خادمِ قرآن حافظ محمد مقبول احمد کے لیے دعاء صحت اور مولوی عبدالرؤف کے والد کے لیے دعاء مغفرت بھی کی گئی۔