ممبئی : جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے قانونی امداد کمیٹی کے سکریٹری گلزار احمد اعظمی آج صبح انتقال کرگئے ، چندروز قبل انہیں بائیکلہ میں واقع ممبئی کے مسینا اسپتال میں علاج کے لیے داخل کیاگیا اور اتوار کو انہوں نے داعی اجل کو لبیک کہا۔ گلزار اعظمی 89 سال کے تھے ،ان۔کے پسماندگان میں چھ بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں،گلزار اعظمی 1954ئسے جمعیت سے وابستہ رہے اور 69سال تک خدمت انجام دی،ملک اور خصوصاً فرقہ وارانہ فسادات اور قدرتی آفات کے دوراثراحتی کاموں میں بڑھ چڑھ حصہ لیتے رہے ،خصوصی طورپرسری کرشناکمیشن کی کارروائی اور متاثرین کو قانونی امداد فراہم کرانے میں ان کا اہم رول رہا،پھر قانونی امدادی کمیٹی کے ذریعے فسادات کے بعد گرفتار بے قصوروں کی رہائی اور بم دھماکوں کے ملازمین کی باعزت رہائی کے لیے تین دہائیوں سے کوشاں رہے۔ کئی بے قصور ان کی کوشش کے نتیجے میں دو دہائی بعد باعزت بری ہوگئے ،جن کی کفالت بھی تنظیم کے ذریعے کی گئی۔ مرحوم گلزار اعظمی کی رہائش گاہ پیرو لین بھنڈی بازار میں سماج وادی پارٹی صدر اور ایم ایل اے ابو عاصم اعظمی ،مقامی ایم ایل اے امین پٹیل نے دورہ کیااور تعزیت پیش کی۔تدفین اتوار کی شب بعد نماز عشاء میرین لائنز میں واقع بڑے قبرستان میں عمل میں آئی۔