جمعیۃ علماء ہند نے مہاراشٹر سیلاب متاثرین کیلئے دو کروڑ روپئے اور ائمہ مساجد و علماء کرام کے لئے50 لاکھ کا فنڈ دیا

,

   

مہاراشٹر کا ایک بڑا علاقہ سیلاب سے بری طرح متاثر ہے۔ کوکن کے علاقے میں سیلاب کی تباہ کاریاں دوسرے کے علاقوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہیں، جمعیۃ علماء مہاراشٹر جمعیۃ علماء کی مقامی اکائیوں کے تعاون سے ان سیلاب متاثرہ علاقوں میں امداد و راحت رسانی کاکام جنگی پیمانے پر کر رہی ہے، ان علاقوں میں املاک کا زبردست خسارہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے ایک بڑا اور خوش آئند فیصلہ لیتے ہوئے بازآباد کاری کے لئے ابتدائی طور پر دو کڑوڑ روپئے کا فنڈ مختص کردیا ہے اور حسب ضرورت اس مد میں مزید رقم بھی جاری کرنے کو کہا ہے۔ ساتھ ہی متاثرہ علاقوں کے مساجد کے ائمہ اور علماء کرام کے لئے الگ سے پچیس لاکھ روپے مختص کئے ہیں، ساتھ ہی مولانا مدنی نے راحت رسانی، بازآبادکاری، طبی خدمات اور دیگر ضروری کاموں میں مصروف جمعیۃ کی ٹیموں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ جس طرح کیرالا، مغربی بنگال، آسام،کرناٹک وغیرہ میں بازآبادکاری وراحت رسانی کا کام مذہب سے اوپر اٹھ کر ہندو مسلم عیسائی وغیرہ کے درمیان انجام دیا گیا تھا اسی طرح یہاں بھی انجام دیں۔ ساتھ ہی ایسی ٹیم بھی تشکیل دینے کوکہا ہے کہ جو دستاویزات بنوائے اور قانونی مدد کرے تاکہ متاثرین کو سرکاری امداد واسکیم سے فائدہ حاصل کرنے میں سہولت ہو۔