نئی دہلی:گیان واپی مسجد مقدمہ وارانسی سیشن عدالت میں زیر سماعت ہے اور مسلم فریق (انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی) کی طرٖ ف سے وکلاء کامیاب پیروی کر رہے ہیں۔ دوسری طرف میڈیا میں بھی روز مقدمہ کو لے کر بحث و مباحثہ ہوتا ہے، جس میں بحث کرنے والے گیان واپی مسجد کے سلسلہ میں کما حقہ واقفیت نہیں رکھتے، جس کی بنا پر آگے چل کر مقدمہ کی کارروائی پر غلط اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے۔ٹی وی بحث ومباحثہ میں جانبدار میڈیا مسلمانوں کی نمائندگی کے لئے ایسے لوگوں کو پیش کرتا ہے، جنہیں نہ تو مقدمہ کی نوعیت کا علم ہوتا ہے اور نہ ہی مقدمہ کی پیچیدگیوں کی انہیں سمجھ ہوتی ہے۔ جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے آج ممبئی میں ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسلم نمائندوں کو گیان واپی مسجد اور دیگر مساجد پربحث کرنے کے لئے ٹی وی چینلوں پرجانا مناسب نہیں ہے، بغیرکسی تیاری کے بحث میں حصہ لینے والوں کو گودی میڈیا کے شکنجے سے بچنے کے لئے ایسے پروگرام میں شرکت نہیں کرنا چاہئے۔