نئی دہلی ۔ 19 اگست (ایجنسیز) دہلی میں جمنا ندی کا پانی خطرے کی حد پار کر گیا ہے جس سے شہر کے نشیبی علاقوں کے متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ مرکزی آبی کمیشن (سی ڈبلیو سی) نے بتایا کہ جمنا کا موجودہ سطحی بہاؤ 205.33 میٹر ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ خطرے کے نشان سے اوپر ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پانی کی سطح مزید بڑھ کر 206 میٹر تک پہنچ سکتی ہے، جو بڑے پیمانے پر آفت کا اشارہ ہے۔ پانی کے بڑھتے بہاؤ نے دہلی کے کئی نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو فکر میں مبتلا کر دیا ہے۔ شاستری پارک، کلندی کنج اور دیگر مقامات پر پانی گھسنے لگا ہے۔ شہری اپنے گھروں سے ضروری سامان سمیٹ کر محفوظ جگہوں کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔ مقامی باشندہ سشیل نے کہا کہ پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ہم نے کچھ سامان نکال لیا ہے لیکن بہت کچھ ابھی گھر پر ہی رہ گیا ہے۔ انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ دہلی کے آبی وسائل اور سیلاب کنٹرول کے محکمہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ پانی کو مرکزی سڑکوں اور اہم راستوں تک پہنچنے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ٹریفک نظام متاثر نہ ہو۔ دہلی پولیس اور ٹریفک اہلکاروں کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ ایمرجنسی گاڑیاں بلا رکاوٹ متاثرہ علاقوں تک پہنچ سکیں۔
دہلی کے ساتھ ساتھ فرید آباد اور نوئیڈا جیسے قریبی اضلاع میں بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) اور دیگر ایجنسیاں پوری طرح الرٹ پر ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری ریلیف اور ریسکیو آپریشن شروع کیا جا سکے۔