جموں اور کشمیر کو الگ کرنے کی کوششیں ناکام:فاروق عبداللہ

   

جموں 3نومبر (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ دربار منتقلی بحال ہونا ایک اچھا قدم ہے اور اس طرح جموں اور کشمیر کو الگ کرنے کی کوششیں ناکام ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دربار منتقلی سے جموں کی معیشت کا زبردست فائدہ ہوگا۔ صدر موصوف نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: ‘دربار منتقلی کی روایت بحال ہونے سے مجھے خوشی ہوئی اس طرح جموں اور کشمیر کو الگ کرنے کی کوششیں ناکام ہوئی ہیں، امید کرتا ہوں کہ اس سے جموں کی معیشت کو زبردست فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ مہاراجہ رنبیر سنگھ کا ایک اچھا اقدام تھا اس روایت سے جموں اور کشمیر کے لوگ بلا لحاظ مسلک و ملت ایک دوسرے کو ایک سمجھتے تھے ۔