جموں :جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ جموں کشمیر کے لیے جلد ہی ہم ایک نئی صنعتی پالیسی لانے جارہے ہیں ۔مرکزی وزارت خزانہ نے اس کی منظوری دیدی ہے ، اب کابینہ کی منظوری کا انتظار ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ہم نے کشمیر میں صنعتیں قائم کرنے کے لیے 6000ہیکٹیئر اراضی کاتعین کرلیاہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ نئی صنعتی پالیسی کے آنے سے جموں کشمیر میں 25ہزار کروڑ سے 30ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہوگی ۔ اس سلسلہ میں کئی صنعتی گھرانے پہلے سے ہی خصوصی صنعتی زون ، آئی ٹی پارک اور نواحی شہروں کی تعمیر کے لیے ہمارے رابطہ میں ہیں ۔صنعتوں کے مرکز کے زیرانتظام علاقہ میں آنے سے اس خطہ کی ترقی ہوگی اور یہاں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیداہونگے ۔انھوں نے کہاکہ اس کے علاوہ مقامی صنعتوں کی دہائیوں پرانی تکلیف کو محسوس کرتے ہوئے مودی حکومت نے دہلی کے سابق چیف سکریٹری کے کے شرما کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ۔