جموں میںامرت پال سنگھ کے ساتھی سےروابط کا الزام، میاں بیوی گرفتار

   

جموں: پولیس نے ’وارث پنجاب دے‘ کے سربراہ امرت پال سنگھ کے مبینہ سر پرست پپل پریت سنگھ کے ساتھ مبینہ طور پر روابط رکھنے کے الزام میں ہفتے کو آر ایس پورہ علاقے میں میاں بیوی کو حراست میں لے لیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس نے امرک سنگھ اور اس کی اہلیہ سر جیت کور کو آر ایس پورہ کے کلین علاقے میں گرفتار کرکے پنجاب پولیس کے حوالے کیا۔انہوں نے کہا کہ میاں بیوی کو پپل پریت سنگھ کے ساتھ مبینہ طور پر روابط رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے موبائل فونوں کو مزید تحقیقات کے لئے ضبط کیا گیا ہے ۔ رپورٹس کے مطابق پپل پریت سنگھ، امرت پال سنگھ کا قریبی ساتھی ہے اور وہ امرت پال کے سال گذشتہ ہندوستان واپس لوٹنے کے بعد ‘وارث پنجاب دے ‘ نامی تنظیم کی قیادت سنبھالنے سے ان کے ساتھ ہے ۔اس تنظیم کی بنیاد ادا کار دیپ سدھو نے رکھی تھی جو سال 2021 میں ایک سڑک حادثے میں فوت ہو گیا۔