جموں میں سٹی چوک کا نام بدل کر ’بھارت ماتا چوک‘ رکھ دیا گیا

   

نئی دہلی 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پرانے جموں میں کمرشیل سنٹر رہے تاریخی سٹی چوک کا نام بدل کر ’’بھارت ماتا چوک‘‘ کردیا گیا۔ بی جے پی قیادت والے جموں میونسپل کارپوریشن کی عام اجلاس نے اس سے متعلق تجویز کیا تھا جس کے بعد ایسا کیا گیا۔ حکام نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ چوک کا نام بدلنے کے فیصلہ پر ملاجلا ردعمل سامنے آیا جن میں سے اکثر لوگوں نے فیصلہ کا خیرمقدم کیا لیکن جے ایم سی سے نام بدلنے کے بجائے ترقیاتی کاموں اور صفائی پر زیادہ دھیان دینے کی اپیل کی گئی۔بی جے پی کے سینئر لیڈر اور جے ایم سی ڈپٹی میئر پورنیما شرما نے بتایا کہ میں نے تقریباً چار مہینے پہلے عام سبھا میں ایک تجویز رکھی تھی جس میں عوام کے مطالبہ پر سٹی چوک کا نام بدل کر بھارت ماتا چوک رکھا گیا۔ انھوں نے کہاکہ اس تجویز کو منظور کرلیا گیا اور سٹی چوک کا نام بدل کر بھارت ماتا چوک کردیا گیا۔ شرما نے کہاکہ یہ تاریخی مقام ہے اور ماضی میں اہم فیصلوں اور مظاہروں کا گواہ ہے۔ ہر سال لوگ اس چوک میں یوم جمہوریہ اور یوم آزادی پر ترنگا لہرارہے ہیں۔ عوام سے اس چوک کا نام بدل کر بھارت ماتا چوک رکھنے کا مطالبہ تھا۔ شہر میں پنج تیرتھی کے پاس سرکولر روڈ کے داخلہ پوائنٹ کو سابق وزیراعظم واجپائی کی یاد میں جے ایم سی نے اٹل چوک نام دیا تھا۔