جموں 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں علاقہ کے پانچ اضلاع میں کم اسپیڈ کی 2G
انٹرنیٹ خدمات کو آج اتوار کو دوبارہ معطل کردیا گیا تاکہ وہاں افواہیں پھیلانے کو روکا جاسکے ۔ یہاں کل ہی ان خدمات کو بحال کیا گیا تھا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ متعلقہ پولیس عہدیداروں نے سرویس پرو وائیڈرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ دو پہر کے بعد سے خدمات کو معطل کردیں۔ انہوں نے بتایا کہ افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور امن و استحکام کو برقرار رکھنے پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ یہاں 2G انٹرنیٹ موبائیل خدمات کو کل بحال کیا گیا تھا ۔ یہ خدمات جموں ‘ سامبا ‘ کٹھوعہ ‘ اودمپور اور رائیسی اضلاع میں بحال کی گئی تھیں۔ یہاں پندرہ دن تک یہ خدمات معطل تھیں جنہیں کل ہی کھولا گیا تھا تاہم آج دوبارہ انہیں معطل کردیا گیا ہے ۔ سارے جموں علاقہ میں انٹرنیٹ خدمات کو 4 اگسٹ کو معطل کیا گیا تھا ۔