جموں میں ٹرانسپورٹروں کا احتجاج، اضافہ کا مطالبہ

   

جموں : آل جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ ویلفئر ایسو سی ایشن جموں نے بدھ کے روز یہاں احتجاج درج کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سفر کرایہ میں اضافہ نہیں کیا جائے گا تب تک وہ ہڑتال ختم نہیں کریں گے ۔ بتادیں کہ کورونا کیسز میں ہو رہے اضافے کے پیش نظر جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف جاری حکمنامے کے مطابق مسافر بردار گاڑیوں کو گنجائش کے بر عکس پچاس فیصد سواریوں کو اٹھانا ہے ۔جموں میں ٹرانسپورٹرس انتظامیہ کے اس حکمنامے کے خلاف گذشتہ زائد از ایک ہفتے سے ہڑتال پر ہیں۔ٹرانسپورٹروں نے بدھ کے روز یہاں آل جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ ویلفئر ایسو سی ایشن جموں کے بینر تلے احتجاج درج کیا۔ اس موقع پر ایسو سی ایشن کے ایک عہدیدار بھارت بھوشن شرما نے میڈیا کو بتایا کہ جب تک سفر کرایہ میں اضافہ نہیں کیا جائے گا تب تک ہم ہڑتال ختم نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے متعلقہ حکام کے پاس ایک میمورنڈم بھی پیش کیا لیکن آج آٹھویں دن بھی ہماری بات پر کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔موصوف نے کہا کہ ہم پچاس فیصد سواریاں اٹھانے پر گاڑیاں نہیں چلاسکتے ہیں لیکن اگر کرایہ میں اضافہ کیا جائے گا تو ہم اس بھی کم سواریاں اٹھانے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا انتظامیہ کا یہ حکم نامہ ایس آر ٹی سی گاڑیوں کے لئے نہیں ہے جو صد فیصد سواریاں اٹھا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج ہم اس حکمنامے کے خلاف سڑکوں پر آئے ہیں اور ہم دیکھیں گے کہ آنے والے دنوں میں کیا کریں گے ۔بتادیں کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے کورونا کی اس دوسری لہر کی روک تھام کے لئے یونین ٹریٹری میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے۔