جموں وکشمیر:شاہ فیصل اور انجینئر رشید کا اسمبلی چناؤ کیلئے اتحاد

   

سرحدی ریاست میں اگلی حکومت بنانے کا دعویٰ ۔ تمام طبقات کی پریشانیوں کا سدباب اصل مقصد ، قائدین کی پریس کانفرنس

سری نگر۔18 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں کشمیر میں رواں سال کے اواخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل جموں کشمیر پیپلز موومنٹ کے صدر ڈاکٹر شاہ فیصل اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے ’پیپلز یونائٹڈ فرنٹ‘ کے بینر کے تلے اکٹھا ہونے کا اعلان کردیا ہے ۔منگل کے روز یہاں ایوان صحافت میں ڈاکٹر شاہ فیصل اور انجینئر رشید نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ’پیپلز یونائٹڈ فرنٹ‘کو متعارف کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے موجودہ غیر یقینی سیاسی صورتحال کے پیش نظر فرنٹ کو معرض وجود میں لانا وقت کی اہم ضرورت تھا۔ اس موقع پر انہوں نے 45 نکات پر مشتمل ایجنڈا آف الائنس بھی جاری کیا اور انجینئر رشید نے دعویٰ بھی کیا کہ ریاست میں اگلی سرکار پیپلز یونائٹڈ فرنٹ کی ہوگی۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے دیگر سینئر لیڈران بشمول جاوید مصطفی میر بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا کہ پیپلز یونائٹڈ فرنٹ کو جموں کشمیر کے لوگوں کو ایک معتبر سیاسی متبادل فراہم کرنے کے لئے معرض وجود میں لایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پیلز یونائٹڈ فرنٹ کو جموں کشمیر کے لوگوں کو ایک معتبر سیاسی متبادل فراہم کرنے کے لئے وجود میں لایا گیا، یہ فرنٹ ریاست کے تمام لوگوں کی آواز ہوگا اور تمام لوگوں کے حقوق و انصاف کے لئے بات کرے گا۔شاہ فیصل نے کہا کہ وہی لوگ جدوجہد اور قربانی کی بات کرسکتے ہیں جنہوں نے خود جدوجہد بھی کی ہو اور قربانیاں بھی دی ہوں اور اس فرنٹ کے بینر کے تلے وہی لوگ جمع ہوں گے جو ریاست کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلز فرنٹ کے بینر کے تلے وہی لوگ اکٹھا ہوسکتے ہیں جو ریاست کے سبھی لوگوں کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں اور سب سے بڑی بات، جس نے ہمیں متحد ہونے پر مجبور کیا، وہ یہ ہے کہ کل جب تاریخ لکھی جائے گی اور یہ دیکھا جائے گا کہ جب ریاست کے وجود کی لڑائی تھی اس وقت لوگ منقسم ہوگئے یا متحد ہوگئے ، ہم نے اپنی طرف سے ایک چھوٹی سی پہل کی ہے اور امید ہے کہ سبھی لوگ، تمام خطوں اور مذاہب کے لوگ اس کوشش کو مضبوط بھی کریں گے اور کامیاب بھی کریں گے ۔

شاہ فیصل نے کہا کہ پیپلز فرنٹ بنانے کا مقصد یہ ہے کہ جو ہمارے پاس بچا ہے اس کو بچایا جاسکے اور جو ہم سے چھینا گیا ہے اس کو واپس لایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 35 اے اور اسمبلی حلقوں کی از سر نو حد بندی کے حملے ہو رہے ہیں وہ سب سیاسی نوعیت کے حملے ہیں ان کا مقابلہ سیاسی طور پر کیا جائے گا اور انتخابی سیاست اور جمہوری طریقے سے ہم اس کا جواب دیں گے ۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ جو چیزیں آج تک نہیں ہوئی ہیں ان کے حصول کے لئے پُرخلوص طریقے سے جدوجہد کریں گے ۔فیصل نے کہا کہ فرنٹ کو جموں، لداخ یا کشمیر کے لوگوں کو درپیش پریشانیوں اور نا انصافیوں کو دور کرنے کے لئے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک مسئلہ کشمیر ہے اور دوسرا مسائل کشمیر ہیں، جو روز مرہ کی پریشانیاں ہیں چاہے وہ جموں کے لوگ ہوں، لداخ کے لوگ ہوں یا کشمیر کے لوگ ہوں انہیں پریشانیوں سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ، ترقی کے مسائل ہیں، روزگار کے مسائل ہیں یہاں کے دفاتر میں جو چوریاں ہورہی ہیں ان ناانصافیوں کو دور کرنے کے لئے یہ پارٹی بنائی گئی۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ لوگوں کو لفظیات میں الجھانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ضرورت اس بات کہ ہے کہ ایک نئی شروعات ہوئی ہے اور یہ ان لوگوں نے کی ہے جنہوں نے قربانیاں دی ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے پیپلز یونائٹڈ فرنٹ کے وجود کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم فکر لوگوں کے ایک وسیع ایجنڈے کی ضرورت تھی جو لوگوں کو مسائل کے بھنور سے باہر نکال سکیں۔انہوں نے مرکز سے اپیل کی کہ وہ ریاست کے لوگوں کو بنیادی سیاسی حقوق سے محروم نہ رکھیں اور یہاں اولین فرصت میں اسمبلی انتخابات منعقد کرائیں۔انجینئر رشید نے کہا کہ ریاست میں اگلی سرکار پیپلز یونائٹڈ فرنٹ کی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ریاست میں اگلی حکومت پیپلز یونائٹڈ فرنٹ کی ہوگی۔