شمالی ہند کے سابق ریاست جموں و کشمیر میں اکثر مقامات پر منفی درجہ حرارت ، قومی جموں ۔ سرینگر شاہراہ بند
جموں ۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر و لداخ میں تازہ ترین برفباری کے بعد شدید سردی کی لہر محسوس کی گئی۔ اتوار کے دن سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ مسلسل چوتھے دن بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رہی۔ رات کا درجہ حرارت دونوں مرکز زیرانتظام علاقوں میں کم ہوگیا۔ جموں میں 5.8 درجہ سلسیس درج کیا گیا جو 3.4 درجہ سلسیس معمول سے کم ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس کی اطلاع دی۔ تاہم لداخ میں دراس ملک کا سرد ترین مقام رہا جہاں منفی 19.5 درجہ سلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے مضافاتی علاقہ لیہہ میں منفی 13.5 درجہ سلسیس اور سرینگر میں منفی 0.5 درجہ سلسیس اقل ترین درجہ حرارت تھا۔ جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ 270 کیلو میٹر طویل ہے جسے جمعرات کی شام سے بند کردیا گیا تھا کیونکہ جواہر سرنگ میں زبردست برفباری ہوئی تھی۔ اس سے متصلہ علاقوں میں بھی زبردست برفباری دیکھی گئی جس کی وجہ سے قومی شاہراہ پر آمدورفت کی اجازت ابھی تک نہیں دی گئی حالانکہ کئی مقامات پر زمین کھسکنے کے واقعات کے نتیجہ میں جمع ہوجانے والی برف کو صاف کردیا گیا ہے۔ عہدیداروں کو امید ہیکہ قومی شاہراہ پر آمد و رفت کا سلسلہ جلد ہی دوبارہ شروع ہوجائے گا۔ عہدیداروں نے کہا کہ قومی شاہراہ بند ہوجانے سے ہزاروں مسافرین مختلف مقامات پر پھنس کر رہ گئے۔ راستہ صاف ہوتے ہی پھنس جانے والوں کی منتقلی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر سونم لوٹس نے کہا کہ برفباری زبردست ہے اور اس کے بعد چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ موسم میں بڑے پیمانے پر جموں ، کشمیر اور لداخ میں راتوں رات تبدیلی ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ مرکز زیرانتظام علاقہ شدید سردی کی لہر کے تحت ہیں۔ 2 ڈسمبر تک موسم کے خشک اور سرد ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
ممتاز سیاحتی مرکز جو وادی کشمیر میں واقع ہیں، گلمرگ میں زبردست برفباری کے بعد بند کردیا گیا ہے۔ چندی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب جو دو ریاستوں بشمول ہریانہ و پنجاب کا مشترکہ دارالحکومت ہے، اقل ترین درجہ حرارت 9.6 درجہ سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے کہا کہ ہریانہ میں امبالہ اقل ترین درجہ حرارت 9.5 درجہ سلسیس کے ساتھ سرد ترین شہر رہا۔ دوسرے مقام پر 10 درجہ کے ساتھ کرنال اور سرسہ رہے۔ تیسرے مقام پر حصار 8.3 اور روہتک 10 درجہ سلسیس کے قریب رہا۔
اقل ترین درجہ حرارت امرتسر میں 6.4 درجہ، پٹھان کوٹ میں 5.5 درجہ، بھٹنڈا میں 2 درجہ اور اعظم پور میں 8 درجہ سلسیس اور عام مقررہ پیمانہ کے قریب ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہیکہ رات میں آئندہ دو دن تک درجہ حرارت میں مزید انحطاط پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ صبح کے وقت کئی مقامات پر حد بصارت میں جڑواں ریاستوں پنجاب اور ہریانہ میں کمی محسوس کی گئی۔ پنجاب کے علاقہ امرتسر، اعظم پور، ہریدوارہ، بھٹنڈا، پٹیالہ اور ہریانہ میں حصار، بھیوانی اور سرسہ شامل ہیں۔ وادی کشمیر میں جو شمالی ہند کی دونوں ریاستوں سے متصل واقع ہے، ضلع رامبندمیں بارش کے ساتھ ساتھ برفباری جاری رہی۔ درہ بنی ہال برف سے ڈھک گیا۔ بھدروا جسے چھوٹا کشمیر کہا جاتا ہے اور بوڑا اضلاع میں رات کا درجہ حرارت منفی 0 پوائنٹ درجہ سلسیس تھا۔ محکمہ موسمیات کے بموجب کٹرہ جو ویشنودیوی مندر کے یاتریوں کی پہلی منزل ہے 5.3 درجہ سلسیس اقل ترین درجہ حرارت کے ساتھ سکڑتا رہا۔
