جموں وکشمیر اسمبلی کی میعاد چھ سے کم کرکے پانچ سال کرینگے :جتیندر سنگھ

   

Ferty9 Clinic

جموں7جون (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی مساوات کے اصول پر گامزن رہتے ہوئے جموں وکشمیر اسمبلی کی میعاد کار چھ سال سے کم کرکے پانچ سال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دراصل سنہ 1975 میں اُس وقت کی وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی نے ملک میں اسمبلیوں کی میعاد کار پانچ سے بڑھاکر چھ سال کی تھی اور ریاستی وزیر اعلیٰ شیخ محمد عبداللہ نے بھی بھارتی آئین کے تئیں وفاداری دکھا کر ریاست اسمبلی کی میعاد کار بڑھائی تھی، تاہم جب جنتا پارٹی کی حکومت نے اندرا گاندھی سرکار کے تمام فیصلے واپس لئے تو شیخ عبداللہ نے اپنا فیصلہ نہیں بدلا۔جتیندر سنگھ نے جمعہ کے روز یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر پر نو منتخب بھاجپا اراکین پارلیمان کے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ‘جب گزشتہ ہفتے اسمبلی حلقوں کی از سر نو حد بندی کی بات اٹھی تو عمر عبداللہ نے ٹویٹ کرکے کہا کہ بی جے پی والے تو مساوات کی بات کرتے ہیں، اگر از سر نو حد بندی کرنی ہے تو پورے ملک میں کیوں نہیں کرتے ۔ ہم ابھی بھی مساوات کے اصول پر کاربند ہیں۔ ہم مساوات کے اصول پر قائم رہتے ہوئے نیشنل کانفرنس کی تین نسلوں کی دوہری نیت کا پردہ فاش کریں گے ۔