سری نگر:قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے ملی ٹینسی سازش کیس کے سلسلے میں پنجاب اور جموں وکشمیر میں 14 مقامات پر چھاپہ ماری کے دوران ڈیجیٹل اور قابل اعتراض مواد ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔این آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینسی کیس کے سلسلے میں تحقیقاتی ایجنسی نے سری نگر، بارہ مولہ، پلوامہ، اننت ناگ ، کٹھوعہ اور پنجاب میں 14 مقامات پر چھاپے مارے ۔انہوں نے کہاکہ یہ مقدمہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کوانتہا پسندی کی طرف دھکیلنے ،اقلیتی طبقے ، سیکورٹی اہلکاروں اور مذہبی تقریبات کو نشانہ بنانے کی خاطر پاکستان میں مقیم کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے کمانڈروں کی سازش سے متعلق ہے ۔ان کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے جموں وکشمیر میں خوف ودہشت کا ماحول پھیلانے میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔