راہول گاندھی ، صدر کانگریس کھرگے کی سابق چیف منسٹر فاروق عبداللہ سے ملاقات، آج اہم اجلاس
جموں ۔ کانگریس اور نیشنل کانفرنس (این سی) نے جموں وکشمیر میں آئندہ ماہ ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے اتحادکیا ہے۔ این سی کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کو اس کا اعلان کیا۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان یہ سمجھوتہ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کے دورہ کے دوران ہوا ۔ مرکزکے زیر انتظام جموں وکشمیر میں آئندہ ماہ اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ رائے دہی تین مرحلوں میں ہوگی۔ عوام 18ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ووٹ ڈالیں گے۔ نتائج کا اعلان 4 اکتوبر کو کیا جائے گا۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی دو روزہ دورے پر جموں و کشمیر میں ہیں۔ راہول گاندھی نے سری نگر میں کارکنوں سے خطاب کیا۔ اس کے بعد پریس کانفرنس بھی کی گئی۔ اتحاد کے بارے میں بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اتحاد ہوگا، لیکن یہ کانگریس پارٹی کارکنوں کے احترام کو برقرار رکھتے ہوئے ہوگا۔ پریس کانفرنس کے بعد راہول گاندھی اورکھرگے این سی لیڈر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ سے ان کے گھر پر ملاقات کی۔ وہاں ان کی ملاقات عمر عبداللہ سے بھی ہوئی۔ اس میٹنگ میں ہی اتحاد کا اعلان کیا گیا۔ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی ملاقات پر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہماری ملاقات بہت اچھی رہی۔ ہم تمام 90 سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے۔ ہم متحد ہیں، سی پی آئی ایم سمیت ہندوستان اتحادکی جماعتیں متحد ہیں۔ انہوں نے پی ڈی پی پرکہا کہ کسی کے لیے دروازے بند نہیں ہیں۔ این سی کے سربراہ نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ کانگریس، سی پی آئی ایم اور این سی ایک ساتھ ہیں۔ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن اورکانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے سری نگر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عزت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، اتحاد ہوگا لیکن یہ کانگریس پارٹی کارکنوں کی عزت کو برقرار رکھتے ہوئے کیا جائے گا کیونکہ آپ نے اپنی پوری زندگی کانگریس پارٹی کے نظریے کی حفاظت اور آگے لے جانے میں وقف کر دی ہے۔ آپ کو ملک کا حال معلوم ہے۔ کانگریس امیدواروں کے ناموں کا فیصلہ کرنے کے لیے میٹنگ کرے گی۔ کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی (سی ای سی) انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کا فیصلہ کرنے کے لیے جمعہ کو اجلاس کرے گی۔ اسکریننگ کمیٹی کا پہلا اجلاس بھی کل ہوگا۔ جموں و کشمیر کی پہلی اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو صبح 11.30 بجے ہوگا۔ اس کے بعد سہ پہر 3 بجے سی ای سی کی میٹنگ ہوگی۔ کل مرکزی الیکشن کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں جموں و کشمیر کی صرف 10 نشستوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا فیصلہ کیا جائے گا۔ راہول گاندھی نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، اگر کسی نے جموں و کشمیر میں اعتماد اور بے خوفی کے ساتھ کام کیا ہے تو وہ کانگریس کا کارکن ہے۔ جیسے ہی ہمیں معلوم ہوا کہ انتخابات ہونے والے ہیں، ملکارجن کھرگے اور ہم ملے۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ پہلے ہم جموں وکشمیر آئیں۔
جموں و کشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی کانگریس کی ترجیح
سری نگر : لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور سینئر کانگریس لیڈر راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی نمائندگی اور ان کا ریاستی درجہ ہمارے لئے سب سے اہم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی الیکشن کا اعلان ہوتے ہی ہم نے جموں وکشمیر آنے کا فیصلہ کیا۔موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں ہوٹل ریڈیسن میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرکے کہاکہ آپ کارکن نہیں ہیں بلکہ ہم ایک ہی کنبہ ہیں ۔جوں ہی ہمیں انتخابات کے بارے میں معلوم ہوا تو ہم نے پہلے جموں و کشمیر آنے کا فیصلہ کیا کیونکہ ہم تمام ریاستوں کے لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہتے تھے کہ جموں و کشمیر کے لئے لوگوں کی نمائندگی اور ریاستی درجے کی بحالی ہمارے لئے اہم ترین چیز ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ ہندوستان کی تاریخ میں آزادی کے بعد کئی یونین ٹریٹریوں کو ریاستوں میں تبدیل کیا گیا لیکن ایک ریاست کو یونین ٹریٹری میں تبدیل کرنے کی صرف ایک مثال ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا ہے اور ہم لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی نمائندگی ہمارے لئے اہم ہے ۔راہول نے کہاکہ میں آئس کریم دکان پر کچھ لوگوں کو ملا۔ انہوں نے مجھے کہا کہ کیا میں جموں وکشمیر کے لوگوں کو پسند کرتا ہوں، اس سے میں برہم ہوا۔ میں نے ان کو کہا کہ میں جموں وکشمیر کے لوگوں کو پسند نہیں بلکہ میں ان سے محبت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے ساتھ ہمارا پرانا تعلق ہے اور کشمیر کے ساتھ ہمارا خون کا رشتہ ہے ۔ وزیر اعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ انڈیا بلاک مودی کے اعتماد کو متزلزل کرنے میں کامیاب ہوا۔ انہوں نے کہا: ‘ہمارے نظریے اور طاقت نے ہمارے لئے راہ ہموار کی ،ہم نے کبھی غیر پارلیمانی زبان کا سہارا نہیں لیا’۔ اس موقع پر کانگریس صدر ملک ارجن کھرگے نے اپنے خطاب میں کہا: ‘راہول گاندھی کا جموں وکشمیر کے ساتھ خون کا رشتہ ہے ‘۔انہوں نے لوگوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ‘آپ کے ووٹوں کی ضرورت ہے تاکہ ملک اور لوگوں کے حقوق کو بچایا جاسکے ‘۔ان کا کہنا تھا: ‘اگر ہم نے جموں وکشمیر میں انتخابات جیت لئے تو ہم پورے ملک کو فتح کر پائیں گے جیسا کہ راہول جی نے کہا کہ ان کا جموں و کشمیر کے ساتھ تعلق پسند یا نا پسند کا نہیں ہے بلکہ ان کا جموں و کشمیر کے ساتھ خون کا رشتہ ہے ‘۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جموں وکشمیر کے لوگ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کا ساتھ دیں گے ۔