جموں وکشمیر میں سخت حفاظتی حصار میں یوم جمہوریہ کی فل ڈریس ریہرسل

   

سری نگر، 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے دونوں دارالحکومتوں سری نگر اور جموں میں جمعرات کو سخت ترین حفاظتی حصار میں یوم جمہوریہ کے سلسلے میں فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔ اس کے علاوہ ضلعی ہیڈکوارٹروں میں بھی سخت سیکورٹی انتظامات میں یوم جمہوریہ کی فل ڈریس ریہرسل تقریبات کا انعقاد عمل میں آیا ۔سری نگر کے ہائی سیکورٹی زون سونہ وار میں واقع شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم اور جموں یونیورسٹی اسٹیڈیم میں فل ڈریس ریہرسل کے موقع پر بالترتیب ڈویژنل کمشنر کشمیر اور ڈویژنل کمشنر جموں نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی اور پریڈ کی سلامی لی۔شیر کشمیر اسٹیڈیم سری نگر میں منعقدہ ریہرسل تقریب میں سخت سردی اور برستی برف کے باوجود مختلف تعلیمی اداروں کے طلبائوطالبات کے ساتھ ساتھ مرکزی نیم فوجی دستوں، جموں وکشمیر پولیس، ہوم گارڈ اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے پریڈ میں حصہ لیا۔ فل ڈریس ریہرسل کی اس تقریب میں فنکاروں اور طالب علموں نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے ۔