جموں وکشمیر میں کورونا کرفیو جاری، معمولات زندگی ہنوزمعطل

   

سری نگر: جموں و کشمیر کے سبھی بیس اضلاع میں کورونا کرفیو جاری ہے جس سے معمولات زندگی بدستورمعطل ہیں۔بتادیں کہ کورونا کی دوسری اور خطرناک لہر کی روک تھام کو ممکن بنانے کے لئے جموں و کشمیر کے سبھی بیس اضلاع میں 10 مئی سے مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے ۔ حکام کے مطابق یہ لاک ڈاؤن 24 مئی تک نافذ رہے گا۔وادی کشمیر کے سری نگر سمیت سبھی دس اضلاع میں کورونا کرفیو نافذ ہے جس نے معمولات زندگی کو درہم وبرہم کرکے رکھ دیا ہے ۔یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے بدھ کی صبح شہر سری نگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ سری نگر میں ہر سو خاموشی چھائی ہوئی ہے اور بازاروں میں الو بول رہے ہیں تاہم سڑکوں پر نجی گاڑیوں کی جزوی نقل و حمل جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی جگہوں پر ناکے لگے ہوئے ہیں جہاں تعینات سیکورٹی فورسز اہلکار گاڑیوں یا پیدل چلنے پھرنے والے لوگوں کی پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ مجبوری کی حالت میں گھروں سے نکل رہے ہیں انہیں چلنے پھرنے کی اجازت دی جا رہی ہے جبکہ غیر ضروری طور گھروں سے نکلنے والوں کو روکا جاتا ہے اور ان پر جرمانہ بھی عائد کیا جا رہا ہے ۔موصوف نے کہا کہ ایمرجسنی خدمات سے وابستہ گاڑیوں اور عملے کی آمد و رفت پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔