جموں وکشمیر: پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کیلئے غیر معمولی سیکورٹی انتظامات

   

سری نگر۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سیکورٹی لحاظ سے حساس مانی جانے والی ریاست جموں وکشمیر میں جمعرات کو عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت جموں اور بارہمولہ پارلیمانی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ سات اضلاع پر پھیلے جموں اور بارہمولہ پارلیمانی حلقوں میں پولنگ کے لئے سیکورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ پولنگ کا عمل صبح سات بجے شروع ہوکر شام کے چھ بجے تک جاری رہے گا۔ عام انتخابات کے سبھی مرحلوں میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوگی۔ ریاست میں 11 اپریل کو ان علاقوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جن میں پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت ووٹ ڈالے جانے ہیں۔ ریاست بھر میں بالخصوص صوبہ جموں میں پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے ۔